حیدرآباد ۔ 26۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین وجئے شانتی نے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے پردیش کانگریس کی قیادت میں تبدیلی کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد نئی قیادت میں آگے بڑھنے سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والے قائدین کے علاقوں میں نئی قیادت کو ابھارنے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض ارکان اسمبلی اور قائدین کے انحراف سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ منحرف قائدین کے علاقوں میں نئی قیادت کو ابھارتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پارٹی کی تنظیم سازی بنیادی سطح پر کی جائے گی۔