لوک سبھا انتخابات تک عہدہ پر برقرار رہنے راہول گاندھی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا ہے لیکن صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی نے ان کا استعفیٰ قبول کرنے سے گریز کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے خدمات جاری رکھنے کی ہدایت دی ۔ اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے پارٹی کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پارٹی ہائی کمان نے اتم کمار ریڈی کے استعفیٰ کو مسترد کردیا یہ بھی بتایا گیا کہ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات تک اتم کمار ریڈی کو اپنے عہدہ پر برقرار رہنے کی ہدایت دی ۔ یہ بھی افواہیں گشت کررہی ہیں کہ اے آئی سی سی کے انچارج برائے تلنگانہ آر سی کنٹیا نے بھی اپنا استعفی پیش کردیا تھا لیکن اسے بھی مسترد کردیا گیا ۔ یہ سمجھا جارہا ہے کہ کانگریس ہائی کمان فی الوقت کسی نئے قائد کو اس عہدہ پر فائز کرنا نہیں چاہتی بلکہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ہی اس بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائیگا ۔ ویسے بھی سروے ستیہ نارائنا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی جیسے قائدین اتم کمار ریڈی کو صدر پردیش کانگریس کے عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور صدر پردیش کانگریس کے عہدہ کے کئی دعویدار ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ کانگریس اعلیٰ کمان نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ریاستی قیادت اور پارٹی ورکرس حالیہ اسمبلی انتخابات میں ہوئی شکست سے سبق حاصل کریں اور لوک سبھا انتخابات میں سخت محنت کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ریاستی قائدین کی اکثریت اتم کمار ریڈی کو صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے برقرار رکھنے کے مخالف ہیں ۔ پارٹی کے بعض قائدین کا کہنا ہے کہ اتم کمار ریڈی کو بڑی خاموشی سے استعفی دینے کی بجائے میڈیا کے روبرو اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کرنا چاہئے ۔ ریاست میں کانگریس کی شکست سے پارٹی قائدین کافی پریشان ہیں لیکن وہ قیادت کے خلاف کچھ کہنے سے گریز کررہے ہیں ۔۔