پردھان ’’سیوک‘‘ کے طور پر عوام کی خدمت کا اعزاز

نئی دہلی 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپنی حکومت کی پہلی سالگرہ پر وزیراعظم نریندر مودی نے عوام کے نام اپنے کھلے خط میں کہاکہ عوام کی توقعات بہت ’’بلند‘‘ ہیں اور ’’بہت کچھ کرنا ابھی باقی ہے‘‘۔ اُنھوں نے ایک سال کے دور اقتدار میں کئے ہوئے اپنے کارناموں کی فہرست گنواتے ہوئے کہاکہ اُنھوں نے بے جان معیشت میں نئی جان ڈالی ہے اور افراط زر پر غریب عوام کے لئے قابو پایا ہے۔ اُنھوں نے ادعا کیاکہ آخرکار اُن کی حکومت اُن تمام چیالنجس سے نمٹے گی جو اُس کے سر پر منڈلا رہے ہیں اور کوشش کرے گی کہ عوام کے معیار زندگی، انفراسٹرکچر اور خدمات میں انقلابی تبدیلی لائیں۔ اپنی حکومت کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت اُن کا جسم و جان خلوص اور دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے وقف ہے۔ عوام نے ایک سال قبل اُنھیں ’’پردھان سیوک‘‘ کی حیثیت سے اپنی خدمت کا موقع دیا تھا اور یہ ایک اعزاز ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابقہ حکومت کے فیصلہ نہ کرنے کی صلاحیت کی بناء پر حکومت پر سے عوام کا اعتبار اُٹھ گیا تھا اِس لئے حکومت کو مستحکم کرنے کی فوری ضرورت تھی اور اِس کے لئے فیصلہ کن کارروائی کرنا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت نے کالے دھن کو وطن واپس لانے کے لئے سخت قانون منظور کیا ہے اور کارروائیاں جاری ہیں، عنقریب کامیابی متوقع ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت غریبوں، نظرانداز طبقات اور پسماندہ طبقات کے لئے وقف ہے۔ وہ ’’انتیودیا‘‘ کے اُصول سے رہنمائی حاصل کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سب سے اہم بات حکومت پر عوام کا اعتماد بحال کرنا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اپنے کام کے کلچر کے ذریعہ اُنھوں نے ہمدردی اور مہارت کے امتزاج سے ایسے نظام قائم کئے جس کی وجہ سے تعطل کا خاتمہ ہوگیا اور حکومت مستحکم ہونے لگی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومتیں قومی ترقی میں برابر کی شراکت دار ہیں اور اُنھیں ہندوستان تعمیر کرنے کے جذبہ کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ نریندر مودی نے کہاکہ قیمتوں میں اضافہ کو فوری طور پر قابو میں کرلیا گیا اور بڑھتے ہوئے افراط زر پر روک لگادی گئی۔ اپنے کام کے ذریعہ ایک ایسا ماحول پیدا کیا گیا کہ حکومت پر عوام کا اعتماد بحال ہوگیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم غریبوں، محروموں اور نظرانداز افراد کو بااختیار بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

اقلیتوں کے تحفظ کیلئے مودی پابند عہد : نجمہ ہبت اللہ
سرینگر ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیراقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اقلیتی طبقات کی زندگیوں کا تحفظ کرنے کیلئے مکمل پابند عہد ہیں اور وہ دستور میں اقلیتوں کو دیئے گئے حقوق کا پاس و لحاظ رکھا جائے گا۔ نجمہ ہبت اللہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ ہمارا دستور ایک مقدس کتاب ہے اور ہم اقلیتوں کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں۔