پرجانویدنا سبھا سے اپوزیشن قائدین کے دلوں میں خوف کی لہر: ہریش رائو

حیدرآباد۔یکم ستمبر، (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ پرجا نویدنا سبھا سے اپوزیشن قائدین کے دلوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی سبھا ملک کی تاریخ کی اب تک کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا جس میں 25 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ عام عوام کی حکومت سے وابستگی اور حکومت کے اقدامات کی تائید کا واضح ثبوت رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ عام میں ٹی آر ایس حکومت کی ساڑھے چار سالہ کارکردگی پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو عوام نے منتخب کیا ہے لہذا جلسہ عام میں گاؤں گاؤں سے جوق درجوق شرکت کیلئے نکل پڑے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے جلسہ عام کے انعقاد پر اپوزیشن کو کیا اعتراض ہے۔ جلسہ کی مخالفت اور اس کے اہتمام کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جلسہ عام سے اپوزیشن کے الزامات کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ وہ حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرس کے ذریعہ پہنچنے والے افراد کو آج رات تک جلسہ گاہ پہنچنا ہوگا۔ صبح 6 بجے کے بعد ٹریکٹرس کی اجازت نہیں رہے گی۔