بلسور(اڈیشہ) 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان نے آج دیسی ساختہ نیو کلیئر صلاحیت کے حامل پرتھوی ۔II میزائیل کی پرواز کا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ میزائیل 350 کیلو میٹر فاصلے تک اپنے ہدف تک وار کرسکتا ہے اور اس میں ایک ہزار کیلو گرام وزن تک وار ہیڈس منتقل کرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ آزمائشی پرواز فوج کے آزمائشی پروگرام کا ایک حصہ تھی۔ نفیس عصری میزائیل کی آزمائش کو ’’مکمل طور پر کامیاب‘‘ قرار دیتے ہوئے انٹیگریٹیڈ ٹسٹ رینج کے ڈائرکٹر ایم وی کے وی پرساد نے کہا کہ یہ آزمائش خاص طور پر مقررہ دفاعی افواج کی کمان کی جانب سے کی گئی اور اس نے تمام معیاروں کی تکمیل کی۔ زمین سے زمین پر وار کرنے والا میزائیل ایک متحرک لانچر سے انٹیگریٹیڈ ٹسٹ رینج چاندی پور کے قریب تقریباً 9.48 بجے صبح داغا گیا۔ یہ میزائیل تیار کئے ہوئے ذخیرہ میں سے پسند سے مطابق منتخب کیا گیا تھا اس کی آزمائش کی تمام سرگرمیوں کی نگرانی ڈی آر ڈی او کے سائنسداں کررہے تھے جو تربیتی مشق کا ایک حصہ تھی۔ ذرائع کے بموجب میزائیل کے راستہ کا پتہ ڈی آر ڈی او کے راڈارس دے رہے تھے ۔
برقی بصری راستے کا پتہ چلانے والے نظام اور ٹیلی میٹری اسٹیشن اڈیشہ کے ساحل پر قائم کئے گئے تھے۔ بحری جہاز پر ٹیمیں تعینات کی گئی تھی تا کہ وہ خلیج بنگال میں مقررہ مقام پر جہاں میزائیل ٹکرانے والا تھا رد عمل پر نظر رکھیں۔ 2003 میں ہندوستان کی مسلح افواج میںمیزائیل پرتھوی ۔ II شامل کیاگیا تھا ۔ یہ ہندوستان میں تیار کردہ اولین میزائیل تھاجسے ڈی آر ڈی او نے تیار کیا تھا اور یہ اپنی مسلمہ ٹیکنالوجی کے ساتھ ہندوستان کیلئے باعث فخر ثابت ہوا۔ اس کی آزمائش باقاعدہ تربیتی مشق کا ایک حصہ تھی جس پر ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں نے نظر رکھی تھی ایسی تربیتی پروازوں سے واضح طور پر نشاندہی ہوتی ہے کہ ہندوستان کسی بھی ہنگامہ حالت کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ ہندوستان کے دفاعی ہتھیاروں کے ذخیرہ میں دوسروں پر دھاک بٹھانے والے ہتھیار بھی شامل ہیں ۔ پرتھوی 500 تا 100 کیلو میٹر وزنی وارہیڈس منتقل کرنے کے قابل ہیں ۔ اس کے دو انجن ہیں جو سیال ایندھن کے ذریعہ حرکت کرتے ہیں۔ قبل ازیں اس کی کامیاب آزمائش 3 ڈسمبر 2013 کو کی گئی تھی۔