پربھا کی نعش خاندان کے حوالہ

ملبورن ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی آئی ٹی پروفیشنل کی نعش کو ان کے ارکان خاندان کے حوالہ کیا گیا ہے۔ سڈنی میں انہیں چھرا گھونپ کر ہلاک کیا گیا تھا۔ آسٹریلیائی پولیس نے آج کہا کہ وہ قاتل کا پتہ چلانے میں ہنوز ناکام ہے۔ اس بے وجہ حملہ کے پیچھے قاتل کا کیا مقصد پوشیدہ تھا، اس کو بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 41 سالہ پربھا ارون کمار کی نعش کل ان کے خاندان کے ارکان کے حوالہ کردی گئی۔ اس نعش کو پربھا کے آبائی وطن منگلور لے جایا جائے گا۔ ان کے شوہر ہنوز اس صدمہ سے دوچار ہیں۔ انہوں نے اتنا ہی کہا کہ ان کی اہلیہ ہمیشہ اپنے پیدائش کے مقام پر آخری رسومات کی خواہاں تھیں۔ 41 سالہ ہندوستانی شہری پربھا ارون کمار جنھیں سڈنی میں چاقو گھونپ کر قتل کردیا گیا تھا، کے شوہر اور بھائی نے حکومت آسٹریلیا سے ایک جذباتی اپیل کرتے ہوئے پربھا کے قاتل کو گرفتار کرکے انصاف کا تقاضہ پورا کرنے کی اپیل کی۔ سڈنی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر ارون کمار نے کہاکہ اُن کی بیوی ایک انتہائی خدمت گذار خاتون تھی۔ بیوی کے قتل کے بعد ارون کمار ہندوستان سے آسٹریلیا پہونچے تھے جہاں اُن کی بیوی ایک آئی ٹی پروفیشنل تھی۔ اس موقع پر اُنھوں نے ایک بار پھر اپنی بیوی کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ جانتے ہیں کہ اب اُن کی بیوی واپس نہیں آسکتی تاہم وہ چاہتے ہیں کہ کم سے کم اُس قاتل کو پکڑ کر انصاف کا تقاضہ پورا کیا جائے جس نے اُن کی بیوی کو ہلاک کیا۔