حیدرآباد 26 فروری ( سیاست نیوز) موبائیل فونس کی مشہور جگدیش مارکٹ پر آج اچانک جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے دھاوا کرتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر تقریبا 300 دکانات کو مہر بند کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ کے عہدیدار صبح کی اولین ساعتوں میں یہاں پہنچے جبکہ مارکٹ میں تجارتی سرگرمیاں ابھی شروع بھی نہیں ہوئی تھی۔ چند تاجرین جو یہاں موجود تھے انہوں نے فوری دوسروں کو اطلاع دی اور دیکھتے ہی دیکھتے کثیر تعداد جمع ہوگئی۔ تب تک بلدی عہدیدار اپنا کام کرچکے تھے۔ ڈپٹی کمشنر بلدیہ مسز شلیجا نے بتایا کہ جگدیش مارکٹ میں بیشتر تاجرین نے پراپرٹی ٹیکس ادا نہیں کیا ہے اور بلدیہ کو تقریبا 2 کروڑ روپئے ادا شدنی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ دکانات کے مالکین کو بارہا توجہ دلائی گئی اور نوٹسیں بھی جاری کی گئی لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ بعض دکان مالکین نے بتایا کہ وہ پراپرٹی ٹیکس پابندی سے ادا کرتے ہیںاس کے باوجود ان کی دکان کو آج مہر بند کردیا گیا۔انہوں نے بلدی عملے کے اس رویہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔