شرح سود معاف نہیں کیا گیا ، آن لائن یا بذریعہ کارڈ ادائیگی کی سہولت
حیدرآباد۔ 30 مارچ (این ایس ایس) کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری جائیداد ٹیکس ادا کرے، کیونکہ 31 مارچ آخری تاریخ ہے اور اس سال پراپرٹی ٹیکس پر عائد ہونے والے سود کو معاف نہیں کیا گیا ہے۔ کمشنر نے بتایا ہے کہ جی ایچ ایم سی نے جاریہ سال یعنی 2016-17ء میں 1133.47 کروڑ روپئے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا۔ گزشتہ سال یعنی 2015-16ء میں 1025 کروڑ روپئے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ انہوں نے مختلف زونس میں وصول شدہ پراپرٹی ٹیکس کی تفصیلات بتائی اور ٹیکس دہندگان سے خواہش کی کہ وہ www.ghmc.gov.in پر فراہم خدمات سے استفادہ کریں۔ وہ اس ویب سائیٹ پر پے منٹس سیکشن کو کلک کریں اور پراپرٹی ٹیکس کے زمرے میں پی ٹی آئی این نمبر درج کریں جس پر انہیں تمام تفصیلات معلوم ہوجائیں گی اور ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ اور نیٹ بینکنگ کے ذریعہ پراپرٹی ٹیکس ادا کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے انہیں می۔ سیوا، سرکل آفیسیس وغیرہ پر طویل قطاروں میں کھڑے رہنے کی زحمت بھی نہیں ہوگی۔ کمشنر نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے تمام سرکلس اور زونس کے سٹیزن سرویسیس سنٹرس پر اضافی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔