پراپرٹی ٹیکس اسسمنٹ آن لائن کرنے کی سہولت

کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی جناردھن ریڈی نے شہریوں سے جنہوں نے مکانات تعمیر کرلئے ہیں اور پراپرٹی ٹیکس کے اسسمنٹ کے خواہاں ہیں تو انہیں چاہیئے کہ اپنی تفصیلات آن لائن داخل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کے اسسمنٹ کیلئے عوام کو بلدیہ کے دفتر آنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے پراپرٹی ٹیکس کے سیلف اسسمنٹ کا آن لائن سسٹم متعارف کیا ہے۔ ابھی تک 1180 درخواستیں آن لائن داخل کی گئی ہیں جن میں سے 900 درخواستوں کے اسسمنٹ کو منظوری دے دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ باقی درخواستوں کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی جائے گی۔ درخواستوں کی یکسوئی میں تاخیر کے سلسلہ میں عہدیداروں کو وضاحت کرنی ہوگی۔ جی ایچ ایم سی کی ویب سائٹ http://ghmc.gov.in پر ایک ویب فارم رکھا گیا ہے جس میں پراپرٹی اور مالک سے متعلق تفصیلات کو درج کرنا ہے جن میں نام، ڈور نمبر، علاقہ، بلڈنگ کی نوعیت، کھلی اراضی شامل ہیں جس کی بنیاد پر بلدی حکام پراپرٹی ٹیکس کا تعین کرتے ہوئے اطلاع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کا عملہ فیلڈ ویریفکیشن کے ذریعہ پراپرٹی ٹیکس ایڈینٹفکیشن نمبر تیار کرے گا۔