پراویڈنگ فنڈ کے ارکان عنقریب مالک مکان

کم آمدنی والے ورکرس کے خواب کی تعبیر
نئی دہلی۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایمپلائز پراویڈنگ فنڈ آرگنائزیشن کے 4 کروڑ سبسکرائبرس (ارکان) بہت جلد ذاتی مکان خریدنے کے اہل ہوجائیں گے اور آئندہ مالیاتی سال سے ان کے تعاون سے ماہانہ اقساط کی ادائیگی کی سہولت دستیاب رہے گی۔ ای پی ایف او، سنٹرل پراویڈنٹ فرنڈ کمشنر وی پی جوٹے نے بتایا کہ سبسکرائبرس کے لئے ہائوزنگ اسکیم پر بہت جلد عمل درآمد کیا جائیگا جبکہ آن لائین سرویس کے آغاز پر مذکورہ کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سبسکرائبرس، ہائوزنگ اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے اکائونٹ سے اقساط ادا کرسکتے ہیں۔ اور اس خصوص میں ای پی ایف ایک سہولت کار کا رول ادا کریگا جبکہ سبسکرائبرس اپنے مدت روزگار (سرویس) کے دوران قابل استطات مکان خریدسکتے ہیں۔ قبل ازیں ای پی ایف او کے پاس اپنے سبسکرائبرس کیلئے اراضیات کی خریدی اور مکانات کی تعمیر کیلئے کوئی منصوبہ نہیں تھا لیکن ایک نامزد کمیٹی نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ کم آمدنی والے ورکرس کیلئے بھی ایک اسکیم شروع کی جائے کیوں کہ وہ مدت ملازمت کے دوران ذاتی مکان کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔ اسکیم کے تحت ارکان بینک/ہائوزنگ ایجنسی اور ای پی ایف او جو کہ ماہان اقساط کی ادائیگی کا ضامن ہوگا کے درمیان سرفریقی معاہدہ ہوگا۔ اسکیم کے مطابق سبسکرائبرس کسی بینک یا ہائوزنگ فینانس کمپنی سے قرض حاصل کرکے مکان خریدسکتے ہیں اور اس خصوص میں وزارت امکنہ اور انسداد شہری غربت بھی مالی اعانت کرسکتی ہے۔