پرانے شہر کے کانگریس قائدین سے نا انصافی کا اعتراف

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل و نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر محمد علی شبیر نے پرانے شہر کے کانگریس قائدین سے نا انصافی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا عام انتخابات میں پرانے شہر کے کانگریس قائدین سے انصاف کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پرانے شہر کی انقلابی ترقی ہوگی ۔ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی کی جانب سے اردو گھر مغل پورہ میں پرانے شہر کے 5 اسمبلی حلقہ جات چارمینار ، چندرائن گٹہ ، یاقوت پورہ ، بہادر پورہ اور کاروان کے پارٹی کارکنوں اور قائدین کا ایک اجلاس طلب کیا گیا اس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر نشین سٹ ون مسٹر محمد مقصود احمد جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر لکشمن راؤ گوڑ کے علاوہ مسٹر جی نرنجن مسٹر بالا پوچیا مسٹر میرہادی علی ، ایم بھاسکر ، غیاث الدین ، موسیٰ قاسم ، کنہیا لال ، عبداللطیف ظفر بلاک کانگریس کمیٹی صدور قدوس علی ، محمد علی ہاشمی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ سابق ریاستی وزیر و انچارج حیدرآباد کانگریس امور مسٹر محمد علی شبیر نے پرانے شہر کے بانچ حلقے اسمبلی کی نمائندگی کرنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عہدوں کی پرواہ کئے بغیر پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کے استحکام کے لیے کام کررہے ہیں

ماضی میں چند مجبوریوں کی وجہ سے پرانے شہر کے کانگریس قائدین سے ناانصافی ہوئی ہے تاہم وہ کوشش کریں گے 2014 کے عام انتخابات میں کانگریس کے مقامی قائدین سے انصاف ہو ۔ وہ جب حیدرآباد کے انچارج وزیر تھے انہوں نے اندراماں کمیٹی صدور نشین کے انتخاب میں پرانے شہر کے قائدین سے انصاف کرنے کی کوشش کی تھی بحیثیت انچارج پارٹی امور ان کی کوشش رہے گی کہ پارٹی اور سرکاری عہدوں میں پارٹی قائدین سے انصاف ہو انہوں نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی پر پارٹی کے فیصلوں کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا آئندہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئے گی ۔ علاقہ تلنگانہ کے ساتھ پرانے شہر کی بھی ترقی ہوگی ۔

سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے بی جے پی وزیر اعظم کے امیدوار نریندر مودی کو حیدرآباد لوک سبھا سے مقابلہ کرنے کا چیلنج کیا کہ جس طرح کانگریس کے کارکنوں نے وینکیا نائیڈو کو شکست دی تھی اس سے برا حشر مودی کا کیا جائے گا ۔ نرنجن نے کہا کہ پرانے شہر میں کانگریس کے وفادار سپاہی ہیں کانگریس کے ہر فیصلہ کو قبول کیا ہے ۔ اب کانگریس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کارکنوں کے جذبات کا احترام کرے اور قائدین سے انصاف کرے ۔ صدر نشین سٹ ون مسٹر محمد مقصود احمد نے پرانے شہر کے تمام کانگریس قائدین اور کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر یوسف ہاشمی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اچھی شروعات ہوچکی ہے ایسے اجلاس مستقبل میں بھی منعقد ہوتے رہنا چاہئے ۔۔