ڈاکٹر قائم خاں کے پیدل دورہ چندرائن گٹہ کے موقع پر عوام کی شکایتیں
حیدرآباد۔/11اپریل، ( پریس نوٹ) امیدوار حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ ڈاکٹر قائم خان صدر مجلس بچاؤ تحریک نے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے مختلف علاقوں بشمول رویندرا نگر، نائیک نگر جنگم میٹ کا آج 10 تا ایک بجے دن اور دوپہر 3تا 6بجے شام راجیا کا ٹوٹا، فتح شاہ نگر کے اطراف و اکناف کا پیدل تفصیلی دورہ کرتے ہوئے عوام کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ ڈاکٹر قائم خاں کے دورہ کے موقع پر مقامی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل سے واقف کروایا۔ ڈاکٹر قائم خاں کو مقامی عوام نے بتایا کہ وہ بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے پریشان کن صورتحال سے دوچار ہیں اور بلدی، برقی اور آبرسانی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔ مقامی نمائندوں کی عدم توجہ کے باعث متعلقہ عہدیدار بھی مذکورہ علاقوں کو نظرانداز کئے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خاںکا رویندرا نائیک نگر جنگم میٹ کے علاوہ راجیا کا ٹوٹا اور فتح شاہ نگر کے مقامی عوام کی جانب سے جگہ جگہ خیرمقدم کیا گیا اور ان کی بکثرت گلپوشی کی گئی۔ ڈاکٹر قائم خاں نے مقامی عوام کو تیقن دیا کہ تحریک کے نمائندے کامیاب ہوجانے پر ان کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی جلد سے جلد کروائی جائے گی اور مزید ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔