پرانے شہر کے مسلمانوں کو مجلس سے صرف دھوکہ ہی ملا

بڑے پیمانے پر تبدیلی کے لیے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل ، دبیرپورہ میں ساجد شریف کی مہم
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار بلدی ڈیویژن دبیر پورہ ساجد شریف نے بھروسے کا خون کرنے والی مجلس کو ہائی وولٹیج برقی شاک دیتے ہوئے تبدیلی کے لیے کانگریس کو ووٹ دے کر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ ساجد شریف نے آج کانگریس کے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ بلدی ڈیویژن دبیر پورہ کے مختلف محلہ جات ناگا باولی ، کمیلے کی مسجد ، نور خاں بازار اور دبیر پورہ کے علاوہ دوسرے مقامات کا پیدل دورہ کیا ۔ عوام نے ان کا والہانہ خیر مقدم کیا ۔ انہیں ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی کا یقین دلایا ۔ مختلف مقامات پر عوام سے کارنر میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے ساجد شریف نے کہا کہ اپنی جماعت تصور کرتے ہوئے پرانے شہر بالخصوص دبیر پورہ کے مسلمانوں نے مجلس پر بھروسہ کا اظہار کیا اور ہر انتخاب میں انہیں کامیاب بنایا ۔ بدلے میں مسلمانوں کو دھوکہ ملا کوئی بھی ترقیاتی اقدامات نہیں کئے ۔ بنیادی سہولتوں کے بارے میں قیادت سے استفسار کیا گیا تو افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صرف ڈانٹ ڈپٹ دھتکار ملی ۔ مسلمانوں کی عزت و نفس کو بے رحمانہ طور پر ٹھیس پہونچایا گیا ۔ برداشت کرنے کی بھی حد ہوتی ہے ۔ ان کی طرح مجلس کے کئی غیور مسلمانوں نے دھوکہ کا جواب دینے کے لیے انتخابی میدان میں کود پڑیں اور کامیابی حاصل کرنے پر اپنے اپنے بلدی ڈیویژنس کو ترقی دینے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا عزم اور منصوبہ رکھتے ہیں ۔ مجلس نے مسلمانوں کا سودا کیا ہے ۔ فرقہ پرستوں سے ان کے تعلقات پر سے پردہ اُٹھ چکا ہے ۔ وہ دبیر پورہ بلدی ڈیویژن کے عوام سے اپیل کرتے ہیں بار بار دھوکہ کھانا عقل مندی نہیں ہے ۔ ڈیویژن کی ترقی کے لیے اپنی سونچ بدلیے برسوں سے جذباتی نعروں سے مسلمانوں کو دھوکہ دینے والی مجلس کو شکست دے کر تبدیلی کے لیے کانگریس کا انتخاب کیجئے کانگریس مسلمانوں کی ہمدرد جماعت ہے ۔ جس نے 4 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرتے ہوئے لاکھوں مسلمانوں کے چہرے پر خوشحالی لائی ہے ۔ ساجد شریف نے کہا کہ اویسی برادران نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے مجلس کے اصولوں کو داغدار بنادیا ہے ۔ اب اس جماعت کے پاس غریبوں کی نہیں دولت مندوں ، تاجرین ، رئیل اسٹیٹ کے کاروبار اور سٹہ چلانے والوں کی اہمیت ہے ۔ عوام انہیں آزما چکے ہیں ، اب یہ نہیں چلے گا ۔ ساجد شریف نے کہا کہ انہیں کامیاب بنانے پر وہ عوامی نمائندہ بن کر ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گے ۔۔