دتاتریہ ، وی ہنمنت راؤ ، جی کشن ریڈی اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔5جون(سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے پرانے شہر حیدرآباد کے غریب اور بے گھر افراد کے ساتھ مکمل انصاف کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی بحیثیت حکمران جماعت تلنگانہ میں مذہب ‘ ذات پات سے بالاتر ہوکر غریب اور امیر کی اساس پر حکومت کررہی ہے۔ حکومت تلنگانہ کے پاس صرف دو مذہب ہیںایک امیر او ردوسراغریب اور حکومت تلنگانہ ریاست کے غریب طبقات کے ساتھ ساٹھ سالوں سے ہونیوالی ناانصافیوں کو ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ آج شہر حیدرآباد کے مختلف اسمبلی حلقہ جات عنبر پیٹ‘ چارمینار‘ چندرائن گٹہ‘ یاقوت پورہ‘ کاروان علاقوں کی غریب اور بے گھر عوام کے درمیان پٹہ جات کی تقسیم کے موقع پرانہوں نے کہاکہ اندرون ایک سال حکومت تلنگانہ نے اپنے وعدوں کے پورا کرنے کے عمل کا آغاز کیاہے۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ سابق حکومتیں صرف وعدوں سے ریاست کے غریب اور معاشی طور پر پسماندگی کاشکار طبقات کے جذبات سے کھلواڑ کرتے رہی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ساٹھ سالوں میںمتحدہ ریاست آندھرا پردیش کے حکمرانوں نے پرانے شہر کو یکسر نظر انداز کردیا تھا مگر تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد برسراقتدار آنے والی حکمران جماعت کی حیثیت سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کی تہذیب کی بازیابی کاکام کیا ہے۔جناب محمد محمود علی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ بلاتفریق ذات پات او رمذہب معاشی ‘ تعلیمی او رسماجی پسماندگی کاشکار طبقات کے ساتھ مکمل انصاف کی پابند عہد ہے۔انہوں نے کہاکہ پرانے شہر کو نئے شہر کے طرز پر ترقی دینے کے علاوہ پرانے شہر میںتعلیمی اداروں کا جال بچھایا جائے گا جہاںپر غریب او رمعاشی طور پسماندگی کا شکار پرانے شہر کے لوگوں کو مفت تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔رکن پارلیمنٹ سکندرآباد دتاتریہ‘ رکن اسمبلی عنبر پیٹ کشن ریڈی‘ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو کے علاوہ ٹی آر ایس کے مختلف قائدین بھی اس موقع پر موجو دتھے۔