پرانے شہر کے عوام ایرکنڈیشن بس خدمات سے محروم

معیاری سہولتوں کی فراہمی میں حکومت کا جانبدارانہ رویہ ، مکمل حیدرآباد کی یکساں ترقی کے دعوے کھوکھلے
حیدرآباد۔9اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے بارہا یہ دعوی کیا جاتا رہا ہے کہ حکومت پرانے شہر اور نئے شہر میں کوئی فرق محسوس نہیں کرتی بلکہ دونوں شہروں اور مکمل حیدرآباد کی یکساں ترقی کو ممکن بنانے کے اقدامات کرے گی لیکن حکومت کا پرانے شہر کے ساتھ روا سلوک اس بات کا ثبوت ہے کہ پرانے شہر کو حکومت پسماندہ علاقہ کے طور پر دیکھتی ہے اور پرانے شہر کے عوام بھی حکومت اور منتخبہ عوامی نمائندوں کی نظر میں اعلی معیاری سہولتوں کے مستحق نہیں ہیں کیونکہ شہر کے وسعت حاصل کرنے سے آباد ہونے والی بستیاں اور آبادیاں اور ان علاقو ںمیں رہنے والے عوام کو معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے لیکن پرانے شہر کے عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ دونوں شہر وںمیں کئی علاقوں کے لئے ائیر کنڈیشن بس خدمات موجود ہیں لیکن پرانے شہر میں کسی بھی علاقہ سے کسی بھی مقام تک کے لئے ایک بھی ائیر کنڈیشن بس موجود نہیں ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کروائی جا چکی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اب تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی اس بات کا تیقن دیا گیا کہ پرانے شہر کے علاقوں سے بھی ائیر کنڈیشن بس خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے دریافت کرنے پر بتایا کہ اس سلسلہ میں نمائندگی وصول ہونے پر پرانے شہر سے ائیر کنڈیشن بسوں کا آغاز کیا جاسکتا ہے لیکن مؤثر نمائندگی نہ ہونے کے سبب ایسا ممکن نہیں ہوپایا ہے۔پرانے شہر کے علاقوں کی نمائندگی کرنے والے قائدین اور خود حکومت کی نظر میں شہر کے اس خطہ میں رہنے والے بس مسافرین کو ائیر کنڈیشن بس کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس کے متحمل ہیں جبکہ شہر کے نوآبادیاتی علاقوں تک آر ٹی سی کی یہ سہولت موجود ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد اس سہولت سے استفادہ بھی کر رہی ہے لیکن پرانے شہر کے عوام ائیر کنڈیشن بس سہولت سے محروم ہیں اور کئی علاقوں کے عوام تو اب تک بس کی سہولت سے محروم ہیں اور قائدین انہیں میٹرو ریل کی تعمیر کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔ پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کی شروعات کی یقین دہانی کروانے والے نمائندوں سے اس بات کا استفسار کرسکتے ہیں کہ اب تک ان کے علاقوں سے ائیر کنڈیشن بس کی خدمات شروع نہیں کروائی جاسکی ہے اور ان خدمات کے آغاز میں ناکام ہونے والی نمائندے کیا میٹرو ریل کی تعمیر کے سلسلہ میں کی جانے والی نمائندگی کو کامیاب بنا سکتے ہیں؟