پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں رات دیر گئے تک سروے کا کام

عوام کا سروے عملہ کے ساتھ تعاون ، تجارت و ہوٹلیں بھی بند رہے
حیدرآباد۔20 اگست (سیاست نیوز) پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں تلنگانہ سروے رات دیر گئے تک بھی جاری رہا اور سروے سے شہریان حیدرآباد میں اطمینان کی لہر پائی جاتی ہے۔ قدیم شہر کے تاجرین سے سروے کے لئے 19 اگست کو رکھے گئے بند کے نقصان سے متعلق پوچھے جانے پر تاجرین یہ جواب دے رہے ہیں کہ اس ایک دن کے بند سے جو نقصان ہوا ہے، اس کی تلافی آئندہ چند یوم کے کاروبار میں ممکن ہے لیکن اگر سروے میں تعاون نہیں کیا جاتا تو جو نقصان ہوتا، اس کی تلافی مشکل ہوجاتی اسی لئے تاجر برادری نے بھی سروے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا تھا کہ مکمل طور پر کاروبار بند رکھتے ہوئے رضاکارانہ طور پر سروے میں حصہ لیا جائے۔ گزشتہ یوم سرکاری وقت کے مطابق 7 بجے سروے کا کام بند کیا جانا تھا لیکن کئی علاقوں میں رات 2 بجے تک بھی شمار کنندگان اندراجات میں مصروف دیکھے گئے۔ اسی طرح پرانے شہر کے کئی علاقوں میں جہاں شمار کنندگان نہیں پہنچ پائے تھے ان علاقوں سے بھی مقامی عوام نے عہدیداروں سے راست ربط کرتے ہوئے رات دیر گئے تک بھی شمار کنندگان کو طلب کیا۔ رات تقریباً 11:30 بجے سروے کا حصہ بننے والے عہدیداروں کو بذریعہ ایس ایم ایس کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ہدایت جاری کی کہ وہ رات دیر گئے تک بھی خدمات انجام دیں۔ سروے میں مصروف عہدیداروں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی سروے میں عوام نے تفصیلات فراہم کرنے میں کوتاہی نہیں کی بلکہ جوش و خروش کے ساتھ تفصیلات دیں۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں کالاپتھر، تاڑبن، تالاب کٹہ، نشیمن نگر، سلطان شاہی، مغل پورہ، حسینی علم، فاطمہ نگر، وٹے پلی میں بھی رات دیر گئے تک اندراجات کا عمل جاری رہا۔ بعض علاقوں میں آج بھی سروے کا کام انجام دیا گیا اور عوام نے آج بھی سروے کیلئے پہنچنے والے عملہ سے تعاون کرتے ہوئے تفصیلات فراہم کیں۔