پرانے شہر کی حالت کو بہتر بنانے حکومت کے اقدامات

زوپارک سے آرام گھر تک ایکسپریس وے کی تعمیر ‘ تاریخی عمارتوں کی تزئین ‘کمانوں کی مرمت
حیدرآباد 7 مئی ( سیاست نیوز ) پرانے شہر حیدرآباد کی ظاہری حالت کو بہتر بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر میں کچھ ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ ایک بڑے پراجیکٹ کے حصے کے طور پر تاریخی یادگار عمارتوں کی تزئین کی جا رہی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ پرانے شہر میں یہ پراجیکٹس 5,000 کروڑ روپئے کے صرفہ سے روبہ عمل لانے کا منصوبہ ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب ایس آر ڈی پی کے تحت دو مقامات کو بہتر ین انداز میں ترقی دینے کا منصوبہ ہے جس پر 1,159 کروڑ روپئے صرف ہونگے ۔ ان میں بہادر پورہ زو پارک سے آرام گھر جنکشن تک ایک ایکسپریس وے کی تعمیر بھی شامل ہے جس پر 636 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پرانے شہر میں نئے انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس کیئے 1,000 کروڑ روپئے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ موسی ندی کو صاف کرنے اور اس کو بحال کرنے کے اقدامات کریں۔ اس کام کیلئے 1,600 کروڑ روپئے کا تخمینہ ہے ۔ اس کے علاوہ پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کو بھی تیزی سے شروع کرنے کا منصوبہ ہے ۔ پرانے شہر میں جو دوسرے کام کئے جا رہے ہیں ان میں چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ ‘ معیاری آبی سربراہی ‘ پانی کی قلت پر قابو پانا ‘ سڑکوں کی توسیع ‘ تاریخی کمانوں اور مرغی چوک کے کلاک ٹاور کی مرمت بھی شامل ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یہ تمام کام ایک سال میں مکمل کرلئے جائیں گے ۔