مقامی جماعت کی لاپرواہی ، تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کا اجلاس ، قائدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : اڈھاک کمیٹی کل ہند تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کا اجلاس صلالہ بارکس میں منعقد ہوا ۔ جس میں جنرل سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ کونسل جناب منیر پٹیل نے کہا کہ صلالہ بارکس کی عوام بنیادی مسائل جیسے سڑک ، پانی کی لائن اور ڈرینج کی لائن سے دوچار ہیں ۔ اور مقامی جماعت کی اترپردیش میں نفرت کی سیاست سے بی جے پی کو بھاری اکثریت ملی اور آج اترپردیش میں بھاری تعداد میں مسلمان بے روزگار ہورہے ہیں ۔ کنوینر کمیٹی جناب شیخ شمس الدین نے کہا کہ ہر مسلمان کو انسانیت کا تقاضہ پورا کرنا چاہئے ۔ تنظیم انصاف ووٹوں کی سیاست سے بالاتر ہو کر سال بھر عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کمر بستہ رہتی ہے ۔ قانونی و دستوری نمائندگی میں کامیابی نہ ملنے کی صورت میں احتجاج کے ذریعہ دباؤ ڈالا جاتا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت پر تنقید کیا کہ الیکشن سے پہلے جو وعدے کئے گئے ڈھائی سال کے بعد بھی اس کو پورا نہیں کیا جارہا ہے ۔ وقف بورڈ کو کمشنریٹ میں تبدیل نہیں کیا گیا ۔ ابھی تک مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات حاصل نہ ہوسکے ۔ جناب محمد حشمت علی رکن کمیٹی نے کہا کہ پرانے شہر میں صحیح نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے گورنمنٹ بجٹ کا استعمال نہیں ہورہا ہے ۔ اجلاس میں موجود ارکان کو مشورہ دیا کہ اپنے علاقے میں موجود مستحق لوگوں کے لیے اسکیمات کی نمائندگی کرتے ہوئے معاشی بحالی کے لیے کام کریں ۔ جناب محمد خواجہ پاشاہ رکن کمیٹی نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنے سیاسی شعور پیدا کریں ۔ مقامی قائد کل ہند تنظیم انصاف جناب محمد خان نے کہا کہ جناب سید عزیز پاشاہ صدر کل ہند تنظیم انصاف کی نمائندگی پر بارکس اسکول کی نئی عمارت تعمیر کی گئی ۔ بارکس میں لڑکیوں کے لیے جونیر کالج قائم کیا گیا جب کہ گورنمنٹ ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی کمی کو ختم کیا گیا ۔ صلالہ میں 6 انچ کی نل کی لائن ڈالی گئی ، لڑکیوں کے کالج تک بس کی سہولت فراہم کی گئی ۔ جوائنٹ کنوینر کمیٹی محمد فیروز ممبران سے کہا کہ علاقے میں گھر گھر تنظیم کی آواز پہنچائیں ۔ آخر میں جناب سردار خاں نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔۔