حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی منظوری پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جشن منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پرانے شہر میں بھی میٹرو ریل کو منظوری کے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے فیصلے پر پرانے شہر میں مسرت پائی جاتی ہے ۔ چیف منسٹر کے اقدام سے میٹرو ریل جے اے سی کے حوصلہ بلند ہوگئے اور اس نے جشن کے ساتھ پرانے شہر میں ترقیاتی پراجکٹوں کی عمل آوری اور عوامی سہولیات کے لیے جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جناب راشد شریف صدر نشین جے اے سی نے بتایا کہ جے اے سی کی یہ عظیم کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب پرانے شہر میں بھی میٹرو کی گونج ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کی منظوری کے موقع پر پرانے شہر میں جشن منایا جائے گا ۔ اولڈ سٹی تلنگانہ بھون اعتبار چوک پر کے سی آر کی تصویر کو دودھ نہلایا جائے گا اور خوشی منائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ املی بن تا فلک نما پراجکٹ کی تکمیل سے پرانے شہر کی عوام کو راحت ملی اور یہ پراجکٹ پرانے شہر و پرانے شہر سے وابستہ عوام کی ترقی میں اہم رول ادا کریگا ۔ جے اے سی نے اس پراجیکٹ کیلئے کامیاب جدوجہد کی ہے ۔