پرانے شہر کو نئے شہر سے زیادہ ترقی دینے مجلس بچاؤ تحریک کا وعدہ

برسوں سے پسماندگی کا شکار عوام کو راحت پہنچانے کا عہد، انتخابی جلسہ سے ڈاکٹر قائم خاں اور مجید اللہ خاں فرحت کا خطاب

حیدرآباد۔/22اپریل، ( سیاست نیوز) مجلس بچاؤ تحریک عوام کے درمیان ترقیاتی منصوبہ اور پسماندگی کو دور کرنے کے علاوہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کی حکمت عملی کے ساتھ انتخابی میدان میں ہے جبکہ مخالفین تحریک اپنی حکمت کے عملی و منصوبہ بندی سے عوام کو واقف کروانے کے بجائے تنقیدوں اور غیر ضروری و جھوٹے الزامات کے ذریعہ اپنی بوکھلاہٹ کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خان صدر مجلس بچاؤ تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ نے آج ریاست نگر میں منعقدہ عظیم الشان انتخابی جلسے عام سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایاکہ جو لوگ مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین اور غازی ملت کے فرزندوں پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں انہیں اللہ کے حضور جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے تحریک کے قائدین پر عائد کئے جانے والے بے بنیاد الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کو حاصل ہورہی عوامی مقبولیت اور عوام میں تبدیلی کے مثبت رجحان سے خوفزدہ قیادت اوچھی حرکتوں پر اُتر آئی ہے۔ ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ مجلس بچاو تحریک نے حکمت عملی کے تحت ریاست بھر میں کئی حلقہ جات سے نہ صرف امیدوار ٹھہرائے ہیں بلکہ ان کی کامیابی کیلئے کوشش بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں تحریک نے نریندر مودی کو اقتدار کے حصول سے روکنے اور نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم۔ بی جے پی اتحاد کی کامیابی میں رخنہ ڈالنے کی منظم حکمت عملی تیار کررکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر کے علاقوں کی پسماندگی کا یہ عالم ہے کہ عوام اس پسماندگی کو دور کرنے کا وعدہ کرنے پر بھی حیرت کا اظہار کررہے ہیں کہ آخر برسہا برس کے دوران ہوئی پسماندگی کو آئندہ پانچ برسوں میں کیسے ختم کیا جائے گا۔ ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ تعلیمی میدان میں اقوام کی ترقی پسماندگی کے خاتمہ کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا خوف دکھاتے ہوئے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ اپنا محاسبہ کریں اور خود سے اس بات کا سوال کریں کہ کیا وہ مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ کررہے ہیں وہ درست ہے یا پھر ان کے اپنے مفادات کیلئے وہ اپنے گناہوں میں اضافہ کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نے تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ٹی وی کے نشان پر مہر لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 30اپریل کو حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے علاوہ یاقوت پورہ و دیگر علاقوں میں عوام ایک نئے انقلاب کے ذریعہ اقتدار کو تبدیل کریں گے۔جناب مجید اللہ خاں فرحت نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مجلس بچاؤ تحریک کا یہ نظریہ ہے کہ مسلمانوں کی پسماندگی خواہ وہ تعلیمی، معاشی ہو یا پھر سماجی و دیگر طرح کی پسماندگیوں کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کی جانی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس اتحادالمسلمین کے سابقہ صدور کی جانب سے مجلس کی آبیاری اور مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے وہ اپنا سب کچھ وقف کرنے تیار ہیں اور اس سلسلہ میں انہوں نے اویسی برادران کو بھی بروز جمعہ مکہ مسجد آنے کا چیلنج کیا ہے تاکہ یہ فیصلہ کیا جاسکے کہ آیا یہ بھائی بھی خدمت کا جذبہ لئے سیاست میں ہیں یا پھر سیاست کے ذریعہ اپنی معاشی حالت بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔ اس جلسہ عام سے جناب امجد اللہ خاں خالدکارپوریٹر اعظم پورہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے مجلسی قائدین کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے جواب دیئے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے اس موقع پر بتایا کہ وہ پرانے شہر کو نئے شہر سے زیادہ تیز رفتار ترقی دلانے کی کوشش کے ساتھ آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو ایک بے انتہا بے باک اور نڈر قیادت کی ضرورت ہے جو کسی حکومت یا پولیس سے مفاہمت نہ کرے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کے حقوق کے حصول کیلئے مجلس بچاؤ تحریک اپنا خصوصی منصوبہ پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے مقامی برقعہ پوش خواتین کی جانب سے موجودہ رکن اسمبلی پر لگائے گئے الزامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے عوام کو اس بات کا اندازہ ہوجانا چاہیئے کہ مخالفین مجلس بچاؤ تحریک کس انداز سے سرگرم ہیں۔ ریاست نگر بازار کے اندرونی علاقہ میں منعقد ہوئے اس جلسہ کے علاوہ مجلس بچاؤ تحریک کا جلسہ یادگیری تھیٹر کے روبرو واقع سنتوش نگر کالونی میں منعقد ہوا جہاں پر جناب مجید اللہ خاں فرحت کے علاوہ دیگر تحریک کے قائدین نے مخاطب کیا۔