محکمہ برقی کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ‘جوابدہی سے عہدیداروں کا گریز
حیدرآباد ۔ 8 ؍ مارچ ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ شہری علاقوں میں برقی سربراہی بلا وقفہ جاری رکھنے اعلان کے باوجود پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں روزانہ 3 تا 4 گھنٹے غیر معلنہ برقی کٹوتی کا عمل جاری ہے ۔ محکمہ برقی کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے متعلق کوئی عہدیدار اظہار خیال کے لئے رضامند نہیں ہے ۔ جبکہ اعلی عہدیدار یہ کہہ رہے ہیں کہ ریاست میں کسی مقام پر فی الحال برقی کٹوتی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے بلکہ اضافی قیمتوں سے برقی خریدی کے ذریعہ عوام کو بلا وقفہ معیاری برقی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں دارالشفاء ‘ پرانی حویلی ‘ سالارجنگ میوزیم ‘ چھتہ بازار ‘ دیوان دیوڑھی کے علاوہ دیگر علاقوں میں برقی سربراہی میں کٹوتی روز کا معمول بن چکی ہے ۔ گذشتہ تین یوم سے شہر میں تبدیل ہو رہے موسم بالخصوص تیز ہواوں کے ساتھ بارش کے سبب برقی سربراہی منقطع ہو رہی ہے اور برقی بحالی کے لئے محکمہ کے عہدیدار دو تا تین گھنٹے لے رہے ہیں اس طرح زائد از پانچ گھنٹے ان علاقوں کی عوام کو برقی سربراہی سے محروم ہونا پڑ رہا ہے ۔ پرانے شہر کے بعض علاقوں میں عوام یہ سمجھ رہے ہیں کہ برقی سربراہی معمول کے مطابق منقطع کی جا رہی ہے لیکن درحقیقت حکومت کی جانب سے موسم گرما کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر عہدیداروں کی جانب سے عمل آوری کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت ہے ۔ محکمہ برقی کے عہدیدار یہ کہہ رہے ہیں کہ موسم گرما کی شدت سے قبل معیاری برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے مرمتی کام کے علاوہ لائن تبدیل کرنے کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے جس کے سبب عوام کو کچھ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن روزانہ برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونے سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ محکمہ برقی کے عہدیدار پرانے شہر کے علاقوں میں معیاری برقی کی فراہمی کے متعلق اس حد تک سنجیدہ نہیں جتنا نئے شہر میں معیاری اور بلا وقفہ سربراہی پر توجہ مبذول کی جا رہی ہے ۔