اویسی برادران پر کانگریسی امیدواروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ، شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ پرانے شہر میں کانگریس کی لہر سے مجلس قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ مجلس قائدین و کارکنوں میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے ۔ پارٹی قائدین میں پائے جانے والے خوف کو دور کرنے کے لیے اویسی برادران کانگریس قائدین اور امیدواروں کو راست و بلراست دھمکیاں دے رہی ہے جس سے کانگریس پارٹی خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے بلکہ اینٹ کاجواب پتھر سے دینا جانتی ہے ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نامپلی اسمبلی حلقہ انچارج مسٹر ونود اور مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے آج کانگریس کی امیدوارہ ( ریڈہلز ) مسز عائشہ فرین کے ساتھ ریڈہلز بازار گھاٹ کے علاوہ دوسرے علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور عوام کو ہمیشہ دستیاب رہنے والی کانگریس امیدوار عائشہ فرین کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور جمہوریت میں اظہار خیال کی مکمل آزادی ہے ۔ تاہم کانگریس کے پرانے شہر میں ہلہ بولنے کے بعد مجلس قیادت کے ہوش اُڑ گئے ہیں ۔ عوام کانگریس پر بھر پور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں جس کے بعد مجلس کیڈر میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے اور ان کے حوصلے پست ہوگئے ہیں ۔ پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کے لیے اویسی برادران اوچھی سیاست پر اتر آئے ہیں ۔ کانگریس قائدین اور امیدواروں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں جس کو کانگریس پارٹی کبھی برداشت نہیں کرے گی ۔ ابھی تک کانگریس پارٹی نے جمہوری انداز میں مقابلہ کیا ہے ۔ جو عوام بالخصوص مسلمانوں کے اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں جنہیں شکست ہونے کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ وہ دوسروں کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے ۔ عوامی خدمات کانگریس کا نصب العین ہے ۔ ابھی تو یہ ابتداء ہے ۔ کانگریس کا اصل نشانہ 2019 کے عام انتخابات ہیں مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ پرانے شہر میں کانگریس کی لہر کا شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی مثبت ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے اور عوام کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے اپنے مسائل کو حل کرانے کی امید کرتے ہوئے کانگریس کے جلسے جلوس پدیاترا ریالیاں ، کارنر میٹنگس میں بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کو اپنی تائید وحمایت کا اظہار کررہے ہیں ۔۔