پرانے شہر میں کئی مقامات پر غیر معلنہ برقی کٹوتی کی شکایات

حیدرآباد ۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت دعویٰ کرتی ہیکہ غیرمعلنہ برقی کٹوتی نہیں ہوگی مگر پرانے شہر میں حکومت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں ۔ پرانے شہر کے علاقے مدینہ کالونی، جہاں نما، اچی ریڈی نگر علاقوں میں میرعالم سکشن کے تحت ایک ہفتہ سے بار بار برقی کٹوتی سے عوام سخت پریشان ہیں ۔ عوام کا کہنا ہیکہ ماضی میں اگر 10 منٹ کیلئے کٹوتی کی جاتی ہے تو مسیج کے ذریعہ وجوہات بتائی جاتی تھی مگر اب گھنٹوں غیرمعلنہ کٹوتی کے باوجود مسیج روانہ نہیں کئے جارہے ہیں ۔ عوام کی شکایتوںکے باوجود عہدیداران کے پاس سے کوئی جواب یامثبت ردعمل نہیں ہوتا ۔ عوام کا سوال ہے کہ کن وجوہات کی بناء پر غیرمعلنہ برقی کٹوتی کی جارہی ہے۔ روزانہ دو گھنٹہ کٹوتی کے بعد ہفتہ کو 8 گھنٹوں تک غیرمعلنہ برقی کٹوتی کردی یعنی صبح 10 بجے برقی کٹوتی کی گئی اور عوام سے شکایت درج کرانے کے باوجود عہدیداران نے کوئی کاروائی ہی نہیں کی اور میرعالم سکشن پر رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ شام تک برقی کی بحالی نہیں ہوگی مگر اس کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔ چارمینار کنٹرول روم پر رابطہ کے باوجود کوئی مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔ آخرکار شام 5 بجے برقی بحال ہونے پر عوام نے سکون کی سانس لی ۔