پرانے شہر میں پولیس کارڈن سرچ، 300 بچہ مزدور دلالوں کے چنگل سے آزاد

حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون نے پرانے شہر میں دھاوا کرتے ہوئے تقریباً 300 بچہ مزدوروں کو دلالوں کے چنگل سے آزاد کروایا۔ رات دیر گئے تالاب کٹہ علاقہ میں انجام دی گئی اس کارروائی ’’کارڈن سرچ‘‘ میں پولیس نے بدنام زمانہ روڈی شیٹرس کے علاوہ سودخوروں کو بھی گرفتار کرلیا۔ پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر پولیس اسٹیشن کے تالاب کٹہ علاقہ میں یہ کارروائی انجام دی گئی، جس میں 5 ہزار پولیس ملازمین نے شرکت کی۔ رات دیر گئے پولیس تالاب کٹہ علاقہ کو اپنے محاصرہ میں لیکر پرامن انداز میں کاروائی انجام دی۔ ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا جو اس آپریشن کی قیادت کررہے تھے، چوڑیوں کے کارخانوں میں دھاوے کے بعد سکتہ میں پڑ گئے۔ پولیس نے ان کارخانوں سے تقریباً 300 کمسن بچوں کو برآمد کیا جو بچہ مزدوری میں ملوث تھے۔ ان کے رہن سہن کے طریقہ اور حالات کو دیکھ کر ڈی سی پی و دیگر پولیس عہدیدار افسوس کا شکار ہوگئے۔ ڈی سی پی نے فوراً ان بچوں کو اپنی ذمہ داری پر دوسرے مقام منتقل کیا اور ان کارخانوں کے ذمہ داروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ بعدازاں میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 6 بدنام زمانہ روڈی شیٹر اور تین پہلوان و ان کے فرزندوں کو گرفتار کرلیاگیا۔ ڈی سی پی نے بچوں کو مزدوری کے کام میں جھونکنے والوں پر سخت گیر کارروائی کا انتباہ دیا اور کہاکہ یٰسین پہلوان اور ان کے فرزندوں عرفان اور اکرام کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا بلکہ مختلف دفعات کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈی سی پی نے کہا کہ بچہ مزدوری میں یٰسین پہلوان بھی مبینہ طور پر ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند افراد کے یہاں سے مہلک ہتھیار برآمد ہوئے اور پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ ممکن ہیکہ زائد شرح سود پر کاروبار کرنے والے اور غیرسماجی عناصر کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ چائلڈ ویلفیر اور دیگر رضاکار تنظیموں کی مدد سے ان بچہ مزدوروں کی بہتر باز آبادکاری انجاام دی جائے گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کو اپنے مکانات کا پتہ تک نہیں معلوم جس سے ان پر ہورہی زیادتی کا اندازہ ہوتا ہے۔ سخت سردی میں کانپ رہے کمسن بچوں کو دیکھ کر ڈی سی پی ساوتھ زون برہم ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام کمسن بچوں کا تعلق ریاست بہار کے گایا ضلع سے ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ٹاسک فورس کو ٹیک ایکشن ٹیم تلنگانہ اسپیشل پولیس فورس کے علاوہ خاتون پولیس کو بھی اس دھاوے میں شامل رکھا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹلیجنس بیورو کی جانب سے چوکسی کی ہدایت اور 26 جنوری کے پیش نظر سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے
۔