حیدرآباد۔ 6جولائی (سیاست نیوز) رضاکارانہ تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن نے پرانے شہر میں ٹی بی کے مریضوں کے لیے ہیلپ لائین سرویس کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعہ انہیں نہ صرف ادویات بلکہ کونسلنگ فراہم کی جائے گی۔ ہیلپ لائین سروس محلہ جات ملک پیٹ، یاقوت پورہ، دبیر پورہ، جہاں نماں، بارکس، کاماٹی پورہ، بھوانی نگر، پنجے شاہ اور سریرام نگر علاقوں کے ڈی او ٹی مراکز میں زیر علاج مریضوں کا احاطہ کرے گا۔ ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن کے حالیہ سروے کے مطابق ٹی بی کے شکار 80 فیصد مریض مرض کے اظہار میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔ ہیلپ لائین سرویس کا آغاز ڈاکٹر چلا دیوی ڈسٹرکٹ ٹی بی آفیسر حیدرآباد نے دبیر پورہ اربن پرائمری ہیلت کیر سنٹر میں کیا۔ ڈاکٹر انیتا ٹی بی میڈیکل آفیسر دبیر پورہ اور دوسرے موجود تھے۔ ٹرینڈ کونسلرس جو اردو اور تلگو میں مہارت رکھتے ہیں، مریضوں کو آن لائین کونسلنگ فراہم کریں گے۔ مریضوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے مکانات پہنچ کر کونسلنگ کی جائے گی۔ ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن کے مجتبی حسن عسکری نے بتایا کہ کونسلنگ اور نیوٹریشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہیلپ لائین کے نمبرات 7893191193 اور 8790679505 ہیں۔