تاریخی چارمینار کے دامن میں آواز گریٹر حیدرآباد اور ٹی ماس کی دستخطی مہم
حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز)پرانے شہر میںمیٹروٹرین کی تعمیری سرگرمیاں شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تنظیم آواز گریٹر حیدرآباد او رٹی ماس نے تاریخی چارمینار کے دامن میںدستخطی مہم کی شروعات کی ۔ آواز اور ٹی ماس کے قائدین محمد عبدالستار‘ ڈاکٹر ظہورالدین او ردیگرپر مشتمل ٹیم نے چارمینار کے راہ گیروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے دریافت کیاکہ پرانے شہر میںمیٹرو کی کس حدتک ضرورت ہے۔ آواز کے قائدین نے کہاکہ پرانے شہر میں املی بن بس اسٹیشن سے لیکر فلک نما تک میٹرو ٹرین کا منصوبہ ہے باوجود اسکے پرانے شہر میںمیٹرو ٹرین کی تعمیری سرگرمیوں کی شروعات اب تک نہیںہوئی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ شہر کے دوبڑے حصوں میںمیٹرو ٹرین کی تعمیری سرگرمیاں اختتامی مراحل میںپہنچ گئی ہے‘ مگر پرانے شہر میںتعمیری کاموں کی شروعات ندارد ہے۔ تنظیم آواز کے قائدین نے کہاکہ پرانے شہر کی عوام بھی چاہتی ہے کہ یہاں پر میٹرو ٹرین کی آمد ہو جس سے پرانے شہر کی بھی ترقی ممکن ہے۔انہو ںنے مزیدکہاکہ آج چارمینا ر کے دامن میںچلائی گئی دستخطی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پرانے شہر کی برقعہ پوش خواتین نے بھی ہمیں پرانے شہر میںمیٹرو ٹرین کی ضرورت سے واقف کروایا۔ آواز کے قائدین کا کہنا ہے کہ پرانے شہر کی اکثریت میٹرو ٹرین کی خواہش مند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پلان کے راستے میں موجود تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا بھی مقامی لوگوں نے وعد ہ کیا۔ آواز کے قائدین نے کہاکہ پرانے شہر کے لوگوں کی دستخط پر مشتمل ایک یادواشت میٹرو ٹرین سربراہ کو پیش کی جائے گی۔ مذکورہ قائدین نے کہاکہ اگر حکومت اور میٹرو ٹرین انتظامیہ ہماری یادواشت کو نذر اندازکرتا ہے تو آنے والے دنوں میںہم ہماری اس مہم میںشدت پیدا کریں گے اور مجوزہ میٹرو ٹرین افتتاحی تقریب کے دوران سارے شہر میں احتجاج منظم کریں گے ۔اس کے علاوہ احتجاجی دھرنے اور میٹرو ٹرین دفتر کے گھیر ائو کا بھی مذکورہ قائدین نے انتباہ دیا ہے۔