حیدرآباد۔22نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر میںمیٹروریل کی تعمیرکا مطالبہ کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف گریٹر حیدرآباد ساوتھ زون کے زیراہتمام میٹرو ریل بھون سیف آبادپر 23نومبر کو ایک احتجاجی دھرنا منظم کیاجانے والا ہے جس میںسی پی آئی ساوتھ زون قائدین اور کارکنو ں کے علاوہ پرانے شہر میںمیٹرو ریل کی تعمیر کے حامی لوگوں کی کثیرتعداد شرکت کرے گی۔ زون کنونیر ای ٹی نرسمہا نے مجوزہ احتجاجی دھرنے کو کامیاب بنانے کی پرانے شہر کے عام لوگوں سے بھی اپیل کی ہے تاکہ پرانے شہر میںمیٹرو ریل کی تعمیرات کے ذریعہ پرانے شہر کی ترقی کو مثالی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ میٹرو ریل کے پرانے شہر میںآمد سے پرانے شہر کی ترقی ‘ اراضیات کی اہمیت ‘ کاروبار میںیقینی طور پر اضافہ ہوگا ۔ باوجود اسکے حکومت تلنگانہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی تعمیر کے تحت کسی بھی قسم کی سرگرمی کا اب تک آغاز نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ شہر کے دیگر حصہ میںمیٹرو ریل کی تعمیر ی سرگرمیاں اختتام پر ہیں ۔ ای ٹی نرسمہا نے پرانے شہر میںمیٹرو ریل کے تعمیرتک حکومت تلنگانہ اورایچ ایم آر والوں کاتعاقب کرنے کابھی انتباہ دیا۔