پرانے شہر میں فینانس کارپوریشن کے ٹیلرنگ اور کمپیوٹر سنٹر کا آغاز

صدرنشین اکبر حسین نے افتتاح کیا،مزید سنٹرس کا جلد آغاز
حیدرآباد ۔ 19۔ستمبر (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے پرانے شہر میں ٹیلرنگ اینڈ پروڈکشن سنٹرس اور کمپیوٹر سنٹرس کے قیام کا سلسلہ جاری ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے آج بوائز ٹاؤن جہانما میں ٹیلرنگ ٹریننگ اور پروڈکشن سنٹر کا افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ خلوت میں زائد کمپیوٹرس فراہم کرتے ہوئے کمپیوٹر سنٹر کا احیاء کیا گیا ۔ اس موقع پر مینجنگ ڈائرکٹر ایم اے وحید اور اقلیتی بہبود کے عہدیدار موجود تھے ۔ ٹیلرنگ اینڈ پروڈکشن سنٹر میں 30 عصری سلائی مشین فراہم کئے گئے ہیں جہاں اقلیتی طبقہ کی خواتین کو ایک ماہ تک ٹیلرنگ کی تربیت دی جائے گی جس کے بعد وہ خود آرڈرس حاصل کرتے ہوئے سلائی کا کام انجام دیں گے۔ اکبر حسین نے بتایا کہ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد خواتین کو ماہانہ 8 تا 10 ہزار روپئے کی آمدنی ہوگی۔ خلوت میں موجود کمپیوٹر سنٹر میں زائد کمپیوٹرس فراہم کرتے ہوئے اس کا احیاء عمل میں آیا ہے ۔ اس سنٹر میں تقریباً 100 اقلیتی امیدواروں کو مختلف کورسیس میں تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ابھی تک کارپوریشن کی جانب سے 12 ٹیلرنگ سنٹر قائم کئے گئے جن میں 7 گریٹر حیدرآباد کے حدود میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلرنگ سنٹرس کے ذریعہ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ٹیلرنگ سنٹرس اور کمپیوٹر سنٹر کے قیام کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اکبر حسین نے کہا کہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی صد فیصد سبسیڈی اسکیم کے تحت امیدواروں کو 50,000 روپئے جلد جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیت دوست ہیں اور انہوں نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اقلیتیں ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں۔