پرانے شہر میں عوام کو پاکٹ ماروں سے بچانے پولیس کی 8 ٹیمیں تشکیل

خریداری میں مصروف شہریوں کو نشانہ بنانے والی ٹولیوں پر نظر رکھنے سادہ لباس میں پولیس عملہ تعینات

حیدرـآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر کے بازاروں میں پاکٹ ماروں اور توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹ لینے والی ٹولیوں سے عوام الناس کو بچانے کیلئے ساؤتھ زون پولیس نے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے۔ رمضان کا دوسرا عشرہ چل رہا ہے اور پرانے شہر کے بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ ان بازاروں میں شاپنگ کیلئے پہنچنے والی خواتین کو جیب کترے اپنا نشانہ بناتے ہیں۔ پولیس نے سرقہ کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر چارمینار بی راجو کی زیر نگرانی سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) اور چارمینار پولیس سے وابستہ پولیس عملہ پر مشتمل آٹھ ٹیموں کو لاڑ بازار، پتھر گٹی، مدینہ بلڈنگ، گلزار حوض، شہران مارکٹ، پٹیل مارکٹ اور پرانے شہر کے دیگر تجارتی مقامات پر سادہ لباس میں تعینات کردیا گیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شاپنگ کے دوران پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا اور کرناٹک سے تعلق رکھنے والے جیب کتروں اور توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹنے والی ٹولیاں سرگرم ہوسکتی ہیں اور خواتین کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار بی انجیا نے کہا کہ چوکس پولیس عملے نے شاپنگ کے دوران خواتین کو نشانہ بنانے والی ایک عادی سارق نورجہاں کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضہ سے 2 ہزار روپئے نقد رقم بھی ضبط کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام الناس بالخصوص خواتین کو مشورہ دیا کہ پرانے شہر کے بازاروں میں خرید وفروخت کے دوران اپنے ہینڈ بیاگس اور پرس کی حفاظت کریں اور کسی اجنبی مرد یا خاتون سے محو گفتگو نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کیلئے پہنچنے والی خواتین احتیاط برتیں اور شاپنگ کے دوران اپنے ہینڈ بیاگس دکانات کے ٹیبل یا کاؤنٹرس پر نہ چھوڑیں۔ چارمینار پولیس کی جانب سے دھوکہ بازوں اور سارقین کی ٹولیوں سے آگاہ رہنے کیلئے پولیس خصوصی مہم چلارہی ہے اور اس سلسلہ میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ اعلان بھی کیا جارہا ہے جبکہ ہوشیار باش رہنے کے پوسٹرس بھی چسپاں کئے جارہے ہیں۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں کے علاوہ شی ٹیمس کو بھی تعینات کیا جارہا ہے تاکہ خریداری کے دوران خواتین اور لڑکیوں کو چھیڑ چھاڑ کے واقعات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ بھی متعلقہ پولیس اسٹیشن سے کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی مشتبہ شخص یا خاتون کو دیکھنے پر متعلقہ پولیس یا پولیس کنٹرول روم 100 کو فوری فون کریں۔