موتی گلی میں ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس 2011 سے ہنوز وجود میں نہیں آیا
حیدرآباد۔4ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں اور پرانے شہر میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کی رفتار میں کافی فرق ہوتا ہے اور پرانے شہر میں برسہا برس گذر جانے کے باجود بھی وہ کام شروع تک نہیں کئے جاتے جن کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقاریب انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منعقد کی جاتی ہیں اور ان تقاریب میں سرکردہ وزراء شریک ہوتے ہیںلیکن اس کے باوجود یہ کام شروع نہیں کئے جاتے ۔ موتی گلی خلوت میں شہر کے پہلے ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا سنگ بنیاد سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این کرن کمار ریڈی نے 5جون 2011 کو کیا تھا اور اس کے بعد بھی وہ ڈھائی سال سے زیادہ چیف منسٹر رہے لیکن اس پارکنگ کامپلکس کا کام شروع نہیںکیا جاسکا بعد ازاں تقسیم آندھرا پردیش کے بعد ریاست تلنگانہ کا وجود ہوا اور اس کو 4سال سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن اب بھی خلوت موتی گلی ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا موقف جوں کا توں برقرار ہے اور ایک بار پھر یہ کہا جا رہاہے کہ پارکنگ کامپلکس کے منصوبہ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے بلکہ بہت جلد خزانہ عامرہ کی اراضی پر یہ پارکنگ کامپلکس بہت جلد حقیقت بنے گا۔ سرکاری عہدیداروں کا کہناہے کہ وہ یہ کہنے سے قاصر ہیں کہ موتی گلی میں پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کی شروعات کب ہوگی اور اسے کب تک مکمل کیا جائے گا !لیکن وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اس جگہ پر ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کو منظوری حاصل ہے ۔ پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور نئے شہر کے علاقو ںمیں ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حکومت کی تبدیلی کے باوجود بھی کاموں کی تکمیل تو کجا شروعات بھی نہ ہونے کی بنیادی وجہ نمائندوں کی نااہلی ہی کہی جا سکتی ہے کیونکہ جن کاموں کے سنگ بنیاد رکھے جاتے ہیں ان کاموں کا مکمل منصوبہ تیا رہوتا ہے بلکہ ترقیاتی و تعمیری کاموں کے ٹنڈر بھی منظور کرنے کے بعد ہی سنگ بنیاد تقاریب منعقد کی جاتی ہیں اور اسی طرح موتی گلی خلوت میں ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کیلئے 2150 مربع میٹر پر محیط ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا تخمینہ لگاتے ہوئے اس کا ٹنڈر کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود اب تک اس پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کی شروعات نہیں ہوسکی اور اب نئے پراجکٹس کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اس عمل کے دوران شہریوں کی جانب سے اس بات کا استفسارکیا جانے لگا ہے کہ آخر موتی گلی میں ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کیوں شروع نہیں کی گئی اور کیوں اس پراجکٹ کو تعطل کا شکار بنایاجا رہاہے ؟