حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر 2جون کی نصب شب سے ہی شہر کے مختلف مقامات پر تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے قائدین ‘ کارکنوں کے بشمول علیحدہ ریاست تلنگانہ جہدکاروں کی کثیرتعداد نے پرجوش انداز میںریاست کی تشکیل کا جشن منایا۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں ٹی آر ایس قائدین میر عنایت علی باقری اور سینکڑوں نے جئے تلنگانہ کے نعروں کی گونج میںنئی ریاست کی تشکیل کا پہلا سال منایا اس موقع پر انہوں نے کیک کاٹا اور آتش بازی کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر وسربراہ ٹی آر یس مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی درازی عمر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اسی طرح پرانے شہر کے مختلف علاقے اور محلے جات میںبھی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا جشن منایا گیا۔ ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد اڈھاک کمیٹی رکن اعظم علی خرم ‘ ملک پیٹ قائدین ستیش‘ شبیر احمد انچا رج یاقوت پورہ ‘ محمد اعجاز ‘واسو ‘ایم اے ذیشان ‘ وسیم اور دیگر نے چادر گھاٹ چوراہے پر آتش بازی کی اورکیک کاٹ کرعلیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے ایک سال کی تکمیل پر جشن منایا۔ پرانے شہر کے ٹی آر ایس قائد ین نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی کے درازی عمر کے لئے بھی نیک تمنائوں کااظہار کیا اور حکومت تلنگانہ کے فلاحی اسکیمات کو پرانے شہر کی عوام کے گھروں تک پہنچانے کا بھی اس موقع پر عہد لیا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے پرانے شہر کے قدیم اور تاریخی مقامات کو روشنیوں سے سجانے کا کا بھی انتظام کیا گیا۔ تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ چارمینار‘ کو بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس موقع پر بقعہ نور بنایا گیا۔