حیدرآباد 6 اگسٹ (سیاست نیوز) پرانے شہر میں بونال جلوس کا آج پرامن اختتام عمل میں آیا۔ کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار کی راست نگرانی میں بونال جلوس کے لئے سخت سکیوریٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کا آغاز تاریخی اکنا مادنا مندر ہری باؤلی سے شروع ہوکر نیا پُل پر اختتام عمل میں آیا۔ بونال جلوس کے موقع پر پولیس نے پرانے شہر میں 3 ہزار پولیس عملہ متعین کیا تھا اور جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کیا گیا تھا۔ جلوس پرانے شہر کے مختلف مقامات سے گزرا اور اِس موقع پر ریاست کی اہم شخصیتوں نے اِس میں حصہ لیتے ہوئے مندر میں پوجا کی۔ پولیس نے خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات کی روک تھام کے لئے شی ٹیمیں بھی متعین کئے تھے۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی پرانے شہر کے کئی مقامات پر ٹریفک تحدیدات عائد کرتے ہوئے ٹریفک کے رُخ کو موڑ دیا تھا اور اِس مرتبہ جلوس کا اختتام مقررہ وقت سے قبل ہوگیا جس کے نتیجہ میں پولیس نے راحت کی سانس لی۔