پرانے شہر میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے اقدامات

گرما اور رمضان المبارک میں موثر انتظامات ، نئے ٹرانسفارمرس کی تنصیب
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں بلا وقفہ اور معیاری برقی سربراہی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ دو ماہ کے دوران ماہ رمضان المبارک کی آمد اور گرما کے پیش نظر نئے برقی ٹرانسفارمرس کی تنصیب کو منظوری دے دی گئی ہے۔ جناب خواجہ عبدالرحمن سپرنٹنڈنگ انجنئیر ساؤتھ سرکل نے بتایا کہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں 100KV کے 50 نئے برقی ٹرانسفارمرس کو منظوری دی گئی ہے جبکہ 300اور 500KVکے برقی ٹرانسفارمرس کو بھی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ اورمعیاری برقی سربراہی کے علاوہ موسم گرما کے دوران کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور مختلف مقامات پر برقی تاروں کی تبدیلی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ جناب خواجہ عبدالرحمن نے بتایا کہ محکمہ برقی کے ساؤتھ سرکل میں جو کام انجام دیئے جا رہے ہیں ان کو مختلف مرحلوں میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل مکمل کرلیا جائے گا اور شہر حیدرآباد میں معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے نئے ٹرانسفارمرس کی تنصیب عمل میں لائی جانے لگی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ عید و تہوار اور گرما کے پیش نظر زائد برقی کھپت اور ٹرانسفارمرس پر عائد ہونے والے بوجھ کا جائزہ بھی لیا جا رہاہے تاکہ کسی بھی علاقہ میں برقی سربراہی میں خلل پیدا نہ ہو۔ سپرنٹنڈنگ انجنئیر ساؤتھ سرکل کے مطابق پرانے شہر میں برقی تاروں کو چھونے والے درختوں کو 30 مارچ تک کاٹنے کی مہلت فراہم کی گئی ہے اور اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ اس کام کی تکمیل کے فوری بعد جن علاقوں میں ضرورت ہے ان علاقوں میں برقی تاروں کو تبدیل کیا جائے ۔ جناب خواجہ عبدالرحمن نے کہا کہ برقی کی اضافی ضرورت کو دیکھتے ہوئے نئے ٹرانسفارمرس پر برقی بوجھ کو منقسم کرنے کے اقدامات کرلئے جائیں گے اور اندرون دو ماہ ان کاموں کی تکمیل کے علاوہ نئے پراجکٹس کی منظوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں معیاری برقی سربراہی کے ساتھ ساتھ پرانے شہر میں جن علاقوں میں مشین کے ذریعہ ریڈنگ لینے والے میٹر موجود نہیں ہیں ان علاقوں میں مشین کے ذریعہ ریڈ کئے جانے والے میٹرس کی تنصیب کیلئے 6ہزار میٹرس منظور کئے گئے ہیں اور ان میٹرس کی تنصیب کے سلسلہ میں بہت جلد اقدامات کا آغاز کیا جائے گا تاکہ پرانے شہر میں موجود قدیم میٹروں کو عصری برقی میٹرس سے تبدیل کیا جاسکے۔