پرانے شہر میں بس روٹ کی تبدیلی سے مسافروں اور عوام کو تکلیف کا سامنا

چھوٹی بسیس چلانے کا مطالبہ، آبرسانی کے کام کاج میں سست روی سے تکمیل میں تاخیر ممکن
حیدرآباد ۔ 22 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے عوام کو دارالشفاء، میرعالم منڈی، کوٹلہ عالیجاہ، بی بی بازار، مغلپورہ بس روٹ میں عارضی تبدیلیوں کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ منڈی میرعالم تا کوٹلہ عالیجاہ جاری محکمہ آبرسانی کے پائپ لائن کی تنصیب کے کام کے باعث پرانے شہر کی بس روٹس میں تبدیلی لائی گئی ہے اور افضل گنج سے سالارجنگ میوزیم، دارالشفاء، منڈی میرعالم، کوٹلہ عالیجاہ، بی بی بازار، مغلپورہ، سلطان شاہی جانے والی بس روٹ کو مدینہ بلڈنگ ہائیکورٹ کی جانب موڑ دیا گیا ہے جو کہ ہائیکورٹ، سٹی کالج، حسینی عالم، محبوب چوک، موتی گلی، خلوت سے ہوتے ہوئے شاہ علی بنڈہ پہنچ رہی ہے جس کی وجہ سے کالج جانے والی طالبات کے علاوہ روزانہ ملازمتوں کیلئے پہنچنے والے افراد جو بس کا استعمال کرتے ہیں انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آر ٹی سی عہدیداروں کا کہنا ہیکہ مذکورہ سڑک پر جاری تعمیری کاموں کے باعث بسوں کا رخ تبدیل کیا گیا ہے کیونکہ ان سڑکوں پر جاری کاموں کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا تھا۔ عہدیداروں کے بموجب ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد یہ عارضی تبدیلی لائی گئی ہے اور محکمہ آبرسانی کی پائپ لائن کی تنصیب کا کام مکمل ہوتے ہی دوبارہ اس روٹ پر بس سرویس بحال کردی جائے گی۔ محکمہ آبرسانی کی جانب سے جاری تعمیری کام میں سست رفتاری کے باعث علاقہ کے تاجرین کو بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں جبکہ اس سڑک پر گذرنے والے راہروؤں کو بھی کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بس روٹ میں لائی گئی تبدیلی کے متعلق عوام کو واقف نہ کروائے جانے کے سبب عوام بالخصوص طالبات میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے چونکہ اس روٹ پر بس سرویس کے آغاز کے بعد سے پہلی مرتبہ اس علاقہ کی بسوں کا رخ تبدیل کیا گیا ہے۔ دارالشفاء، سلطان شاہی، مغلپورہ، کوٹلہ عالیجاہ کے قریب موجود محلہ جات کے عوام بالخصوص طلباء و طالبات نے آر ٹی سی عہدیداروں سے اپیل کی ہیکہ وہ ان روٹ پر کم از کم چھوٹی بسیں چلائیں تاکہ عوام کو حاصل سہولت برقرار رہ سکے۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کا کہنا ہیکہ کئی عرصہ سے تعطل کا شکار اس اہم سڑک پر پائپ لائن کی تنصیب کے عمل کا گذشتہ ماہ آغاز ہوا ہے اور یہ سلسلہ مزید ایک ماہ تک جاری رہ سکتا ہے چونکہ صرف رات کے اوقات میں اس علاقہ میں کام کیا جانا ممکن ہے۔ دن کے اوقات میں ٹریفک اور مصروف ترین سڑک ہونے کے باعث اس سڑک پر تعمیری و کھدوائی کے کام کے علاوہ پائپ لائن کی تنصیب کا عمل ممکن نہیں ہوسکتا اسی لئے محکمہ آبرسانی کی جانب سے صرف رات کے اوقات میں کام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے پائپ لائن کی تنصیب کے عمل کی تکمیل میں تاخیر ہورہی ہے۔