حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں محکمہ برقی کی جانب سے دھاوے شروع کرنے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ محکمہ برقی ویجلنس برقی چوری کے خلاف آئندہ ماہ کے اوائل میں بڑے پیمانے پر مہم شروع کرسکتا ہے ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں محکمہ برقی کی جانب سے مختلف محلہ جات میں برقی چوری کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا تھا لیکن عوامی نمائندوں کی مداخلت پر مہم پر روک لگادی گئی تھی لیکن اب ایک مرتبہ پھر محکمہ برقی کی جانب سے شہر کے ان علاقوں میں برقی چوری کے خلاف مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو محکمہ برقی کے اعداد و شمار کے اعتبار سے زیادہ برقی چوری کے مرتکب ہیں ۔ سی پی ڈی سی یل کا دعویٰ ہے کہ پرانے شہر میں 50 فیصد تک برقی سربراہی کا کوئی حساب نہیں ہے اور اس اعتبار سے محکمہ برقی کو روزانہ 69 لاکھ روپئے کا نقصان ہورہا ہے ۔ محکمہ برقی کی جانب سے پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں غیر معیاری برقی سربراہی پر تو کوئی توجہ نہیں دی جاتی بلکہ غیر معلنہ برقی سربراہی میں کٹوتی میں پرانا شہر ہی سرفہرست ہے ۔ لیکن اس کے باوجود ان مسائل کے حل کے بجائے اس علاقہ کے عوام کو برقی چوری کے نام پر ہراسانی معمول بنتا جارہا ہے ۔
تاڑبن کے رہنے والے ایک شخص نے بتایا کہ تلگو دیشم دور میں برقی چوری کے خلاف مہم چلائی گئی تھی لیکن اس دور میں برقی سربراہی کا معیار بہتر تھا لیکن اب جبکہ انتخابات کا زمانہ قریب ہے ایسی صورت میں محکمہ برقی کے شعبہ ویجلنس کی جانب سے اس طرح کی ہراسانی درست نہیں لیکن گذشتہ چند ماہ سے محکمہ برقی کی ہراسانیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور اب دو بارہ ہراسانیوں پر عہدیداروں کو عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ ذرائع کی اطلاعات کے بموجب حیدرآباد و رنگاریڈی میں حیدرآباد ساوتھ کے علاقہ میں زیادہ برقی چوری کے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ساوتھ میں 180533 برقی چوری کے مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ شہر کے مرکزی علاقہ کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ حیدرآباد سنٹرل میں 128476 مقدمات درج کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ نارتھ میں 23810 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ محکمہ کے ذرائع کے بموجب سال 2013 کے دوران درج کئے گئے ان مقدمات میں محکمہ برقی تیز تر کارروائی کا منصوبہ رکھتی ہے ۔
رنگاریڈی میں ایسٹ میں 180130 مقدمات درج کئے جاچکے ہیں اور رنگاریڈی نارتھ میں 89,622 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور رنگاریڈی ساوتھ میں سب سے زیادہ مقدمات درج ہوئے ہیں جو کہ 2 لاکھ 93 ہزار 965 تک پہنچ چکے ہیں ۔ ذرائع کے بموجب محکمہ برقی و ویجلنس کی جانب سے مشترکہ کارروائی کے دوران برقی صارفین کو برقی میٹر گھر کے باہر نصب کرنے دباؤ ڈالے جانے کا امکان ہے ۔ ویجلنس عہدیداروں کی جانب سے اسمبلی کے جاریہ سیشن کے فوری بعد پرانے شہر کے علاقوں میں دھاوے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ پرانے شہر کے عوام بالخصوص برقی صارفین جو کہ محکمہ برقی کی ان سرگرمیوں سے نالاں ہیں ان کا استدلال ہے کہ برقی عہدیداروں کو گھریلو صارفین کو ہراساں کرنے کے بجائے صنعتی اداروں کو نشانہ بنانا چاہئے چونکہ شہر کے اطراف و اکناف موجود صنعتوں میں غیر مجاز برقی کا استعمال محکمہ برقی کو نقصان کے مترادف ہے ۔