میٹرو ٹرین خدمات کے لیے سخت جدوجہد کی ضرورت ، میٹرو جے اے سی کی گول میز کانفرنس ، سید عزیز پاشاہ اور دیگرکا خطاب
حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز)پرانے شہر میںمیٹرو ٹرین کے کام کا آغاز ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کاحلف اٹھاتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا و قومی صدر تنظیم انصاف جناب سید عز یز پاشاہ نے کہاکہ کسی بھی علاقے کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب وہاں پر عوام کے لئے موثر ٹرانسپورٹ سروسیس مہیا کرائے جائیں۔آج یہاں اُردو گھر مغل پورہ میں میٹرو ریل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ عوام کی بھلائی کے نام پر مگر مچھ کے آنسو بہانے یا پھر میٹرو ریل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شدید احتجاج کے پیش نظر برائے نام سروے کرنے سے پرانے شہر میںمیٹرو ریل کی آمد ممکن نہیںہے۔جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ میٹرو ریل کاکام پرانے شہر میںشروع کرانے کے لئے کڑی جدوجہد کرنی پڑے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تعمیری سرگرمیوں کے آغازتک ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے جے اے سی قائدین کو بھروسہ دلایا کہ پرانے شہر کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے ہراقدام کو سی پی آئی اور تنظیم انصاف کا مکمل تعاون رہے گا۔مولانا حامد حسین شطاری نے جے اے سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ساٹھ سالوں میں پرانے شہر کو مزیدپسماندگی کا شکار بنادیاگیا ہے اور اگر اب پرانے شہر میںمیٹرو ریل شروع ہوتی ہے تو یہاں کے حالات بدل جائیں گے۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بھی پرانے شہر کی ترقی کے لئے میٹر وٹرین کو ضروری قراردیا۔ انہو ںنے کہاکہ ہر شعبہ حیات میںپرانے شہر کو پسماندگی کا شکار بنادیا گیا ہے ۔ انہوں نے کل جماعتی امیدوار کی کامیابی کو پرانے شہر کی ترقی کی ضمانت قراردیا ہے۔ سابق کارپوریٹر وکانگریس قائد جناب محمد غوث نے کہاکہ مفاد پرستی کی بنیاد پر پرانے شہر کو میٹر و ٹرین سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ یہ ایک بہترین موقع ہے اگر پرانے شہر میںمیٹرو ٹرین کی شروعات ہوتی ہے تو یقینا پرانے شہر کی ترقی کو کوئی نہیںروک سکتا۔ ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ میٹرو ریل انتظامیہ پرانے شہر میںاپنا کام شرو ع کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہو ںنے کہاکہ مقامی سطح سے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ جناب محمد عباس ( آواز)‘ جناب منیر پٹیل( انصاف) کے علاوہ کانگریس‘ وائی آیس آر کانگریس‘ سی پی ائی ایم‘ بی جے پی قائدین نے بھی گول میز کانفرنس سے خطاب کیا۔