پرانے شہر میں آئندہ سال تک میٹرو ریل ، 15 ڈسمبر سے ہائی ٹیک سٹی تک سرویس

حیدرآباد 25 ستمبر (راست) حیدرآباد میٹرو ریل منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ 15 ڈسمبر تک ہائی ٹیک سٹی علاقہ تک میٹرو ریل کی سہولت کا آغاز ہوگا اور آئندہ سال تک پرانے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کی سہولتیں عوام کے لئے دستیاب رہیں گی۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این وی ایس ریڈی نے شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات سے چلائی جانے والی میٹرو ریل کی سہولتوں سے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ زیادہ ٹریفک کے اوقات یعنی صبح دفاتر جانے کے اوقات اور شام دفاتر سے گھر واپسی کے اوقات میں ہر چھ منٹ میں ٹرین دستیاب رہے گی اور ٹریفک نہ رہنے کے اوقات میں ہر ساڑھے آٹھ منٹ میں ایک میٹرو ریل سفر کے لئے دستیاب رہے گی۔ انھوں نے کہاکہ فی الوقت میٹرو ریل کاریڈار I اور کاریڈار II کے تحت جملہ 35 میٹرو ریل چلائی جارہی ہیں۔ این وی ایس ریڈی نے مزید بتایا کہ میٹرو ریل کے پہلے مرحلہ کے تحت ہی کاریڈار I اور کاریڈار II کی تعمیر عمل میں لائی گئی جبکہ دوسرے مرحلہ کے میٹرو ڈی پی آر آخری مراحل میں ہے اور اس کی تعمیر حکومت کی جانب سے ہی کی جائے گی۔ منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل پراجکٹ نے کہاکہ میٹرو ریل پراجکٹ کے لئے ایل اینڈ ٹی نے 12 ہزار کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ہے۔ اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ میٹرو ریل پاسیس کی اجرائی کے سلسلہ میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد میٹرو اسمارٹ کارڈس فروخت کئے گئے۔