پرانے شہر میں اتوار کو رشتوں کا دوبدو پروگرام

روز گارڈن فنکشن ہال چمپا پیٹ میں والدین اور سرپرستوں کے لیے شاندار موقع
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے پرانے شہر کے عوام کی مسلسل فرمائش پر آئندہ اتوار کو 10 بجے دن تا 4 بجے شام مسلم والدین اور سرپرستوں کے لیے روز گارڈن فنکشن ہال ، چمپا پیٹ ساگر روڈ میں 76 واں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد اس خصوصی پروگرام میں شرکت کرے گی تاکہ برسر موقعہ لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے موزوں اور من پسند انتخاب کے ذریعہ بآسانی پیامات طئے کئے جاسکیں ۔ دوبدو ملاقات پروگرام کے ذریعہ اب تک سینکڑوں کی تعداد میں رشتے طئے کیے جاچکے ہیں ۔ مفت خدمات کے ذریعہ اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ والدین کو خانگی ادارہ پیامات یا ایجنٹس کے استحصال سے بچایا جائے ۔ 76 واں دوبدو ملاقات پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ اس پروگرام کو ممتاز مسلم قائدین مخاطب کریں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ روز گارڈن فنکشن ہال میں قبل ازیں سلور جوبلی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس بار نہایت وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مختلف زمروں کے 8 کاونٹرس ہوں گے جن میں میڈیسن ، انجینئرنگ ، پوسٹ گریجویٹ ، گریجویٹ ، انٹر اور ایس ایس سی ، حافظ و عالم ، فاضل ، عقد ثانی ، تاخیر سے شادی اور معذورین شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ کمپیوٹرس پر فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کا مشاہدہ کرنے کے لیے 10 کمپیوٹرس سسٹم نصب کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ باب الداخلہ پر لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علحدہ علحدہ رجسٹریشن کاونٹرس ہوں گے جہاں 10 بجے سے رجسٹریشن کروانے کی سہولت ہوگی ۔ 3 بجے دن رجسٹریشن کاونٹرس بندکردئیے جائیں گے ۔ جو والدین پہلے رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں دوبارہ پیامات کے رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے ۔ جناب ایم اے قدیر آرگنائزنگ پریسیڈنٹ کے بموجب اتوار کو ہونے والے اس پروگرام میں سنتوش نگر ، سعید آباد ، ملک پیٹ ، پھسل بنڈہ ، ریاست نگر ، بنڈلہ گوڑہ ، چندرائن گٹہ ، ڈی آر ڈی ایل ، مدھانی اور قرب وجوار محلوں میں مقیم مسلم والدین اور سرپرست شرکت کرسکتے ہیں تاہم شہر کے دوسرے علاقوں اور اضلاع میں رہنے والے والدین کو بھی من پسند رشتوں کے انتخاب کی مکمل آزادی اور سہولت حاصل رہے گی ۔ انہوں نے والدین سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز رکھیں ۔ اس موقع پر لڑکیوں اور لڑکیوں کے والدین کے درمیان باہمی مشاورت کا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کونسلنگ سیکشن بنایا گیا ہے ۔ جناب محمد تاج الدین ، ڈاکٹر ایوب حیدری ، ڈاکٹر ایس اے مجید ، سید الیاس باشاہ ، میر انور الدین ، محمد برکت علی ، احمد صدیقی مکیش ، محمد شاہد حسین ، سید اصغر حسین ، اے اے کے امین ، ڈاکٹر ناظم علی ، محمد نصر اللہ خاں ، محمد احمد ، ڈاکٹر سیادت علی ، ڈاکٹر دردانہ ، ڈاکٹر ام سلمی ، شبانہ نعیم ، کوثر جہاں اور دیگر عہدیداروں نے والدین سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔ مزید تفصیلات 9394801526 سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔