پرانے شہر میں آج پولیس کے وسیع انتظامات

حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر حیدرآباد میں کل نماز جمعہ کے موقع پر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ گذشتہ جمعہ پیش آئے واقعات کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ آج اس خصوص میں پولیس کا اعلی سطح اجلاس منعقد کیا گیا تھا تاہم پولیس کی جانب سے جاری گرفتاریوں سے شہریوں میں خوف ہے حالانکہ ڈی سی پی ساوتھ زون نے آج کمسن لڑکوں کی کونسلنگ کے بعد رہا کردیا ۔ تاہم ٹاسک فورس ٹیموں کی کارروائیاں پرانے شہر کے علاقہ سلطان شاہی ‘نشیمن نگر ‘تالاب کٹہ ‘بھوانی نگر ‘امان نگر علاقوں میں خوف کا سبب بن گئی اور کئی مسلم نوجوان بالخصوص سلطان شاہی کے لڑکے مکان چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں اور ان نوجوان کے تعلق سے والدین میں خوف ہے جو پولیس کارروائی سے ان دنوں ہراسانی کا شکار ہیں اور اپنے بچوں کے مستقبل سے فکر مند ہیں ۔ باوجود اس کے نمائندگی اور اس پریشانی میں پرسان حال کوئی نہیں ہے ۔ سلطان شاہی کے کمسن و نوجوان لڑکے پولیس کارروائی میں غیر ضروری نشاندہی کے خوف سے اپنے مکانات سے باہر ہیں ۔ پرانے شہر میں جاری اس طرح کا ماحول شہریوں میں خوف و تشویش کا باعث ہے۔