حیدرآباد لوک سبھا اور یاقوت پورہ ٹی آر ایس امیدواروں کا دورہ، مسائل کو حل کرنے کا تیقن
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدوار حلقہ لوک سبھا حیدرآباد راشد شریف اور امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ محمد شبیر احمد نے پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایک ریالی منظم کی ۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ لوک سبھا و اسمبلی کے دونوں امیدواروں کی ریالی میں تالاب کٹہ ، عیدی بازار ، سنتوش نگر، سنگارینی کالونی ، سعید آباد ، مادنا پیٹ ، ایس آر ٹی کالونی ، رین بازار ، یاقوت پورہ ، دبیر پورہ اور درشہوار ہاسپٹل علاقوں کا احاطہ کیا۔ ریالی کا مختلف مقامات پر عوام نے استقبال کیا اور علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ریاست کی تعمیر نو میں ٹی آر ایس کے رول کی اہمیت کو قبول کیا ۔ ان قائدین نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ٹی آر ایس پرانے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے علاقے پسماندگی کا شکار ہے اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ اگر ٹی آر ایس کے نمائندے منتخب ہوں گے تو وہ بنیادی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دیں گے۔ انتخابی مہم کے آخری دن امیدوار حلقہ یاقوت پورہ شبیر احمد نے یاقوت پورہ ، برہمن واڑی ، کمان شیخ فیض، ظفر روڈ اور دبیر پورہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ربط پیدا کیا ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی پارٹی علاقہ میں طلباء اور نوجوانوں کو تعلیم و روزگار کی سہولتیں فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں انتخابی منشور میں کمزور طبقات اور ا قلیتوں سے جو وعدے کئے ہیں ان پر بہر صورت عمل آوری کی جائے گی ۔