ناگم جناردھن ریڈی نے کانگریس کو بدعنوان کہہ دیا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پرانے عادتیں آسانی سے نہیں چھوٹتیں۔ سیاسی قائدین کیلئے پارٹی کی تبدیلی کے ساتھ ہی اکثر و بیشتر تقاریر میں غلطیاں سرزد ہوجاتی ہیں۔ طویل عرصہ تک جس پارٹی پر تنقید کی جاتی رہی ، اسی پارٹی میں شمولیت کے بعد تعریف کرنا آسان نہیں اور بسا اوقات زبان سے پرانے تنقیدی الفاظ نکل آتے ہیں۔ سابق وزیر ڈاکٹر ناگم جناردھن ریڈی کو آج اس وقت عجیب و غریب صورتحال سے گزرنا پڑا، جب انہوں نے کانگریس کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں بیٹھ کر کانگریس پارٹی کو بدعنوان کہہ دیا۔ لغزش زبان کے نتیجہ میں یہ لفظ نکل گیا لیکن وہ اس غلطی پر اس قدر نادم ہوئے کہ بار بار سوری کہتے ہوئے اپنے الفاظ کو درست کیا۔ ڈاکٹر ناگم جناردھن ریڈی تلگو دیشم پارٹی سے بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ دونوں پارٹیوں میں رہتے ہوئے انہوں نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ 30 سال سے زائد کے سیاسی کیریئر میں وہ کانگریس پر حملہ کرتے رہے لیکن حالیہ عرصہ میں وہ کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس کی بدعنوانیوں کے سبب ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے‘‘۔ جیسے ہی انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا ، انہوں نے سوری سوری کہہ کر وضاحت کی کہ ٹی آر ایس کی بدعنوانیوں کو وہ نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں موجود کانگریس قائدین اور میڈیا کے نمائندے ناگم جناردھن ریڈی کی اس غلطی پر اپنی ہنسی کو روک نہیں پائے۔