پرانہیتا ۔ چیوڑلہ و پالمپور پراجیکٹس کو قومی درجہ : جئے رام رمیش

حیدرآباد 10 اپریل ( این ایس ایس ) مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش نے آج بی جے پی پر تنقید کی اور کہا کہ تلنگانہ کے تعلق سے اس نے دوہرا معیار اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے تلنگانہ کو علیحدہ ریاست کا درجہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پرانہیتا ۔ چیوڑلہ اور پالمپور ( محبوب نگر ) پراجیکٹس کو قومی درجہ فراہم کریگی ۔ اس کے نتیجہ میں تلنگانہ میں آبپاشی اور زرعی شعبہ کے مسائل حل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالریز میں 4000 میگاواٹ برقی پراجیکٹ کی تعمیر کے ذریعہ علاقہ کے برقی کے مسائل کی یکسوئی کی جائیگی ۔ جئے رام رمیش ریاست کے سہ روزہ دورہ پر ہیں ۔ کل وہ کھمم اور نلگنڈہ میں مہم میں حصہ لیں گے اور 12 اپریل کو عادل آباد جائیں گے ۔