پرانا پل تا شاہ علی بنڈہ سڑک کی مرمت پر عوام شاداں

اکثر شہریوں نے کہا کہ ’ پرانے شہر میں سڑکیں اور بھی ہیں ‘
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : حیدرآبادی عوام نے پرانے شہر کی چند سڑکوں پر تعمیراتی اور مرمت کے کام کے آغاز پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے کیوں کہ ان کاموں سے کئی عرصے سے ٹرافک جام اور خستہ حال سڑکوں پر ہونے والے حادثات سے انہیں اب راحت مل جائے گی ۔ دریں اثناء ریاستی وزیر کے ٹی آر نے گذشتہ روز تعمیراتی کاموں کے آغاز کا افتتاح کیا تھا جس کے تحت اب پرانا پل تا شاہ علی بنڈہ کی سڑک کی مرمت کا آغاز ہوچکا ہے جس کے ذریعہ لال دروازہ اور فلک نما سے آنے والی ٹرافک کا بہاؤ بہتر ہوجائے گا ۔ پرانا پل پر 8 کروڑ کے مصارف سے ( سی آر ایم بی ) کے کام کا آغاز ہوا ہے ۔ پرانا پل تا شاہ علی بنڈہ تک اس سڑک کی مرمت کا کام ہورہا ہے جو کہ سٹی کالج جنکشن اور موسیٰ باولی سے ہوتی ہوئی شاہ علی بنڈہ تک جائے گی اور اس 3070 میٹرس طویل سڑک کی مرمت اور تعمیراتی کام کے لیے تمام تر سائنٹفک طریقے اختیار کئے جائیں گے ۔ یہ سڑک ٹرافک کے لیے اہم راستہ ہونے کے علاوہ تاریخی اعتبار سے بھی اس کی کافی اہمیت ہے کیوں کہ یہ سڑک تاریخی عمارتوں چارمینار ، مکہ مسجد اور چومحلہ پیالیس اور دیگر کا احاطہ کرتی ہے ۔ حیدرآبادی عوام نے اس کام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اس پر اطمینان کا اظہار کرنے کے علاوہ ارباب مجاز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کی دیگر سڑکوں پر توجہ مرکوز کرے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقامی شہری عبدالمعز نے کہا کہ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے آغاز نے شہریوں کا دل جیتا ہے لیکن ایسا ہی منصوبہ پرانے شہر کے اندرونی علاقوں کے لیے بھی ناگزیر ہے ۔ یاقوت پورہ کے مکین عبدالمعز نے مزید کہا کہ پرانے شہر کے اندرونی کالونیوں کے درجنوں سڑکیں خستہ حال ہیں جس کی وجہ سے آئے دن گھروں کے قریب چھوٹے موٹے حادثات ہوتے رہتے ہیں ۔ جن میں کوئی بڑا حادثہ تو رونما نہیں ہوتا لیکن اتنا نقصان کو ضرور ہوجاتا ہے کہ زخمی ہونے والے کی ہڈی ٹوٹ جاتی ہے یا زخم کی وجہ سے اس کی جیب اچھی خاصی ہلکی ہوجاتی ہے ۔۔