ٹریفک نظام درہم برہم ، مانصاحب ٹینک اور دیگر مقامات کی بھی صورتحال تشویشناک
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز ) شہر کے مصروف ترین سڑکوں اور محلہ جات میںبلدی حکام کی لاپرواہی کی وجہہ سے رات کے اوقات میںروشنی کی کمی کے سبب جان لیوا حادثات پیش آرہے ہیں۔ شہر میںکئی ایسی سڑکیں ہیںجہاں پر روڈ ڈیوائڈر دھویں اور گرد کی وجہہ سے سیاہ ہوگئی ہیں اور مذکورہ سڑکوں پر روشنی کی کمی کے سبب رات کے اوقات میں وہ مسافرین کو نظر نہیںآرہے ہیںجس کی وجہہ سے تیز رفتار گاڑیاں ان ڈیوائڈر س سے ٹکرا کر حادثوں کاشکار ہورہی ہیں۔گریٹرحیدرآباد کی ٹریفک میں روز بہ رو ز اضافہ ہوتا جارہاہے مگر ٹریفک پر قابو پانے کے موثر اقدامات کی کمی بھی ان حادثات کی ایک وجہہ بن رہی ہے۔ محکمہ بلدیہ پر ڈیوائڈرس کو رنگ کرنے اور تاریک سڑکوں پرلائٹس لگانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے مگر بلدی عملے کے رویہ سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ انہیں بے قصور شہریوں کی قیمتی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ پچھلی شب پرانے شہر کے پرانا پل تا بہاد ر پورہ روڑ کی تاریک سڑک پر ایک تیز رفتار کاردھول اور دھویں کی وجہہ سے سیاہ ہوگئے ڈیوائڈر سے ٹکرانے سے قبل ایک موٹر سیکل سوار کو ٹکر ماردی بعد ازاں ڈیوائڈر سے ٹکرانے کے بعد کار ڈرائیور خودشدید طور پر زخمی ہوگیا۔کچھ وقفہ کے لئے مذکورہ سڑک کا ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ ا س حادثے کی وجہہ پرانا پل تا بہادر پورہ سڑک کی تاریکی کے علاوہ گرد وغبار اور دھویں کی وجہہ سے سیاہ پڑگئے ڈیوائڈر ہیں۔ ایسا ہی حال مانصاحب ٹینک فلائی اور سے این ایم ڈی سے جانے والی سڑک کا ہے جہاں پر آئے دن کوئی نہ کوئی حادثہ پیش آتا ہے۔ مذکورہ سڑک پر بھی بلدی حکام کی جانب سے نصب کردہ ڈیوائڈرس گردوغبار اوردھویں کاشکار ہوکر سیاہ پڑگئے ہیں۔ اس قسم کے حادثات کاسدباب بلدی حکام کی چوکسی سے ممکن ہے ‘ بلدی حکام کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر جہاں تاریکی کے سبب حادثات پیش آرہے ہیں وہاں روشنی کا انتظام کرتے ہوئے برقی قمقمے نصب کریں اور سیاہ پڑے ڈیوائڈرس کی تزئن نو اور آہک پاشی کاکام انجام دیں تاکہ شہریوں کی زندگیوںکو حادثات سے بچایا جاسکے۔