پرانا شہر کے کالج میں ہال ٹکٹس سے محروم بی ایڈ طالبات کا احتجاج

رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی سے پولیس کی بات چیت کے بعد مسئلہ کی یکسوئی، کالج انتظامیہ کیخلاف شکایت
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں طالبات کی جانب سے احتجاج کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یاقوت پورہ علاقہ کے کالج کی بی ایڈ طالبات نے امتحانی مرکز پر احتجاج کیا۔ طالبات جو امتحان میں حاضر ہونا چاہتی تھیں تاہم ان کے ہال ٹکٹ انھیں فراہم نہیں کئے گئے تھے اور وہ اپنے مستقبل کے تعلق سے تشویش کا شکار ہوگئی تھیں۔ واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا کالج پہونچ گئے اور کالج انتظامیہ اور طالبات سے بات چیت کی اور مسئلہ کا پرامن تلاش کرلیا۔ ڈی سی پی کی جانب سے طالبات کو اطمینان بخش تیقن اور ان کے مستقبل کی ضمانت دینے پر طالبات نے احتجاج سے دستبرداری اختیار کی اور ساؤتھ زون پولیس بالخصوص ڈی سی پی ساؤتھ زون اور اے سی پی میرچوک مسٹر سرینواس سے اظہار تشکر کیا۔ اس خصوص میں ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ کالج انتظامیہ اور عثمانیہ یونیورسٹی کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا اور مسئلہ عدالت سے رجوع ہوا تھا اور عدالت نے کالج کے حق میں فیصلہ کیا۔ تاہم عثمانیہ یونیورسٹی اس فیصلہ سے لاعلم تھی۔ انھوں نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے رجسٹرار سے پولیس نے بات کی اور انھوں نے اس بات کا بھروسہ دلایا کہ آج طالبات کا جو امتحان ان سے چھوٹ چکا ہے اس کا دوبارہ انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور طالبات کے مستقبل اور تعلیمی سال کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ رین بازار پولیس نے کالج کے خلاف شکایت حاصل کرلی ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔