حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے پہلے ایک سال کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے منظم کئے جانے والے جشن تلنگانہ پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر ’’ جشن اردو‘‘ پروگرام کا شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی ڈاکٹر ایس اے شکور نے بتایا کہ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام جشن اردو پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ کل یعنی 4جون کو جشن اردو پروگرام میں کُل ہند مشاعرہ تلنگانہ میں اردو کے موضوع پر دو روزہ قومی سمینار کے علاوہ مزاحیہ پروگرام ( کامیڈی پروگرم ) منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 4جون کو ساڑھے آٹھ بجے شب تا رات دیر گئے تک قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کُل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا۔
اس مشاعرہ میں کُل ہند سطح کے نامور شعراء مسرس ڈاکٹر وسیم بریلوی ( دہلی ) ڈاکٹر راحت اندوری ( ممبئی) محترمہ شیامہ سنگھ صبا ( رائے بریلی ) محترمہ شبینہ ادیب ( کانپور ) ماجد دیوبندی (دہلی) محترمہ لتا حیا ( ممبئی) ضیاء ٹونکی ( راجستھان ) اور حامد بھنسالوی ( ممبئی ) کے علاوہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ممتاز شعراء صلاح الدین نیر، مضطر مجاز، فاروق شکیل، مسرور عابدی، ڈاکٹر عقیل ہاشمی، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، سردار سلیم، محترمہ تسلیم جوہر کے علاوہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے شعراء مسرس صوفی سلطان شطاری ( عادل آباد) حلیم بابر ( محبوب نگر ) اشفاق اصفی ( نظام آباد) وحید گلشن ( ورنگل) اور محمود علی اسیر ( میدک) شرکت کریں گے اور کلام سنائیں گے۔ جناب اسلم فرشوری مشاعرہ کی نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ اسی طرح 4جون کو8:30بجے شب تا رات دیر گئے تک خلوت میدان پر مزاحیہ پروگرام ( کامیڈی پروگرام ) کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس مزاحیہ پروگرام میں حیدرآباد کے نامور مزاحیہ فنکار مسرس حامد کمال، غلام سبحانی، جعفر علی خان، افشاں جبین، قادر شریف، حسین پریمی، ہنمنت راؤ کولہ، حبیب، حبیب قدیر، شبیر خان، جمشید خان، شہاب الدین، سورج کرن، شبن، محترمہ نور جہاں کے علاوہ کے بی جانی ( خیر الدین بیگ جانی ) حصہ لیں گے۔ جبکہ محترمہ افشاں جبین پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیں گی۔