پرانا شہر میں بونال جلوس کا پرامن اختتام

نمازوں کے وقت مائک سسٹمس بند ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ
حیدرآباد 21 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر میں بونال جلوس کا پرامن طور پر اختتام عمل میںآیا۔ پولیس نے جلوس کے سلسلہ میں سخت صیانتی انتظامات کئے گئے اور جلوس کی گذر گاہوں پر سخت چوکسی اختیار کی گئی تھی جلوس کا آغاز تاخیر سے ہونے کے باوجود رات تقریبا گیارہ بجے جلوس کا پرامن اختتام عمل میں آیا ۔ لال دروازہ سے شروع ہوکر نیاپل پر اختتام کو پہونچا ۔ جلوس کے دوران مکہ مسجد چارمینار پر پولیس سخت چوکسی اختیار کی تھی اور دور بین و سی سی ٹی وی کیمروں و خانگی ویڈیو گرافرس کے علاوہ پولیس کے ویڈیو گرافرس جلوس کی نگرانی میںمصروف تھے ۔ مکہ مسجد کے قریب بیاریکس کی تنصیب عمل میں نہیں لائی گئی تھی جس کے سبب خود پولیس کو جلوس میں شامل افراد سے دشواریوں کا سامنا تھا۔ نمازوں کے اوقات چارمینار کے دامن میںواقع شہ نشین پر مائیک سسٹم کو بند کرتے ہوئے گنگا جمنی تذہیب کی مثال پیش کی گئی تاہم دوسری طرح ہری باولی علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک جلوس نے مکہ مسجد کے روبرو بیانڈ بجاتے ہوئے ناچ گانا کرتے ہوئے شرپسندی کی کوشش کی ۔ بیاریکس نہ ہونے کے سبب مکہ مسجد کے باب الداخلہ کو بند کردیا گیا تھا اور چھوٹے دروازہ سے مصلیوں کو مسجد میںداخلہ کی اجازت دی گئی ۔ جلوس کے موقع پر بازار بند رہا اور ساوتھ زون کے علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی تھیں ۔ اس خصوص میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون مسٹر سروا سریش ترپاٹھی نے رات دیر گئے بتایا کہ جلوس کا پرامن اختتام عملمیں آیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پرسکون ماحول کیلئے مبارکباد پیش کی ۔