پرانا شہر میں آج میلاد جلوس

حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر پرانے شہر میں پولیس کے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ اہم چوراہوں اور جلوس کی گذر گاہوں پر چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ آج سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہیندر ریڈی نے پرانا شہر پہونچ کر جشن عید میلاد النبیؐ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس ملازمین کو خصوصی ہدایت جاری کیں ۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں ساوتھ زون سے وابستہ تمام اے سی پیز اور انسپکٹرس موجود تھے ۔ سٹی پولیس کمشنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرامن انداز میں جشن منانے کے لیے عوام کو پر سکون ماحول فراہم کیا جائے ۔ڈی سی پی ساوتھ زون نے بتایا کہ جلوس کا آغاز مکہ مسجد سے ہوگا اور گلزار حوض سالار جنگ میوزیم ، دارالشفاء ، اعتبار چوک ، عالیجاہ کوٹلہ سے مغل پورہ علاقہ میں جلوس کا اختتام ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس کے لیے ضروری انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔
اور پولیس نے حساس و انتہائی حساس مقامات کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے ۔ اور پرانے شہر میں پولیس مکمل چوکس اور کمربستہ ہے ۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے ۔۔