حیدرآباد 29جنوری (یواین آئی )پرانا شہرحیدرآباد کی ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے لئے گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)نے دو فلائی اوورس کی تعمیر کا فیصلہ کیاہے ۔ پہلا فلائی اوور آرام گھر تا زو پارک اور دوسرانلگنڈہ چوراہا سے اویسی جنکشن تک تعمیر کیاجائے گا۔اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت ان دونوں فلائی اوورس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔یہ دونوں فلائی اوورس ہائی ٹریفک زون زمرہ کے تحت آتے ہیں جہاں پر رہائشی مقامات کے ساتھ ساتھ تجارتی مقامات بھی ہیں۔ان مقامات پر ٹریفک کے نتیجہ میں حادثات پیش آرہے ہیں ۔ مقامی افراد نے گاڑیوں کی نقل وحرکت کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔جی ایچ ایم سی کے ذرائع کے مطابق دونوں مقامات پر حالات کا تجزیہ کرنے کے لئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ رپور ٹ تیار کریں ۔ ساتھ ہی متبادل امکانات پر سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تھی۔اپنی رپورٹ میں ایس ٹی یو پی کنسلٹنٹس نے نلگنڈہ چوراہا سے اویسی جنکشن تک چارلین والے فلائی اوور کی سفارش کی ہے ۔اس پروجیکٹ کے تخمینہ مصارف 523کروڑروپئے ہیں۔آرام گھر سے زو پارک تک روڈ والا علاقہ بھی ہائی ٹریفک زون میں آتا ہے ۔آرام گھر سے زو پارک تک سی ای ٹسٹنگ کمپنی نے چھ لین والے فلائی اور کی سفارش کی ہے ۔اس فلائی اوور کا تخمینہ 636کروڑروپئے کا لگایا گیا ہے ۔