جموں ۔6 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموںو کشمیر کے پولیس سربراہ راجندر کمار نے کہا کہ ایسے عناصر جو ریاست کا پرامن ماحول مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں اُن سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ انھوں نے جموں زون کے سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کہاکہ بعض عناصر ریاست میں پرامن ماحول متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ایسے عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ ڈی جی پی نے کہاکہ ریاست کے تمام علاقوں میں امن اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنائے رکھنے میں پولیس کا اہم رول ہے ۔ یہ اجلاس لاء اینڈ آرڈر ، سکیورٹی اور جموں ڈیویژن میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے مقصد سے طلب کیا گیاتھا ۔ اس موقع پر عیدالاضحی کے سلسلے میں انتظامات پر بھی غورو خوص کیاگیا ۔ انھوں نے کہاکہ مختلف سطحوں پر عوامی رابطہ یقینی بناتے ہوئے سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنائی جاسکتی ہے ۔ انھوں نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے معاملے میں تمام متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں۔